کراچی حملہ :شاری بلوچ کے شوہر پر ایک اور مقدمہ درج

1393

کراچی کاؤنٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے ہیبتان بشیر اور دیگر کیخلاف ٹیرر فنانسنگ کا مقدمہ درج کرلیا ہے، مقدمہ سی ٹی ڈی تھانے میں انسپکٹر ثناء اللہ کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق نامزد ملزم اور ساتھیوں پر کراچی یونیورسٹی میں ہونے والے دھماکے کیلئے فنڈ فراہم کرنے کا الزام ہے۔

سی ٹی ڈی ڈیپارٹمنٹ کے مطابق جامعہ کراچی خودکش دھماکے کی تحقیقات میں مزید اہم پیشرفت ہوئی ہے حکام نے خود کش حملے اور اس سے دو دن قبل شاری بلوچ و اہلخانہ کے نقل و حرکت کی فوٹیجز بھی حاصل کرلی، حکام کے مطابق خودکش حملہ آور شاری کا شوہر ہیبتان حملے سے دو دن قبل شام سات بجکر 47 منٹ پر گزری کے فلیٹ سے بچوں کے ساتھ کسی نامعلوم مقام پر منتقل ہوگیا تھا۔

یاد رہے کہ 26 اپریل کو کراچی یونیورسٹی کے مرکزی دروازے پر ایک خودکش حملے میں چینی اساتذہ کو نشانہ بنایا گیا تھا۔اس حملے کی ذمہ داری بلوچستان کی متحرک آزادی پسند مسلح تںطیم بلوچ لبریشن آرمی نے قبول کی تھی بلوچ لبریشن آرمی کی جانب سے میڈیا کو بھیجی گئی ای میل میں تنظیم کے ترجمان جیئند بلوچ نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ حملہ انکے تنظیم کے مجید برگیڈ ونگ کے ساتھی شاری بلوچ نے سر انجام دی ہے-

ادھر سی ٹی ڈی حکام نے میڈیا کو بتایا کہ ادارے کو خودکش حملہ آور شاری بلوچ کے شوہر ہیبتان بشیر اور حملے میں معاونت کرنے والے دیگر کی تلاش جاری ہے۔