خاران و آواران میں فائرنگ، دو افراد قتل

549

بلوچستان کے ضلع آواران اور خاران میں فائرنگ کے دو مختلف واقعات میں دو افراد قتل جبکہ ایک زخمی ہوا ہے۔

آواران میں فائرنگ کا واقعہ تحصیل جھاو کے مقام پر پیش آیا ہے جہاں قتل ہونے والے شخص کی شناخت رحمدل ولد بارو کے نام سے ہوئی ہے۔

ذرائع کے مطابق مذکورہ شخص کی لاش کو آج صبح جھاؤ کے علاقے غریب آباد میں قائم آبی ڈیم میں برآمد کیا گیا اور بعد ازاں انتظامیہ نے لاش کو اپنے تحویل میں لیکرسول ہسپتا ل کیمپ جھاؤ میں منتقل کیا ہے۔

ذرائع بتارہے ہیں کہ 4اپریل 2017 کو اسی خاندان کے تین افراد جن میں بائیان ولد لعلو، پیرجان ولد بائیان اور کمسن قمبر شامل تھے، نامعلوم افراد نے گھر میں گھس کر قتل کیا تھا جبکہ ذرائع کا دعویٰ ہے کہ قاتلوں کا تعلق سرکاری حمایت یافتہ گروہ سے تھا تاہم اس کی تصدیق یا تردید حکام کی جانب سے نہیں کی گئی ہے۔

دوسری جانب ضلع خاران سے اطلاعات ہیں گذشتہ روز نامعلوم افراد نے واپڈا کالونی کے قریب فائرنگ کرکے اشفاق شاہوانی ولد حاجی ثناہ اللہ شاہوانی کو قتل جبکہ بھتیجی کو زخمی کردیا ہے۔

واقعے کے بعد پولیس نے لاش کو تحویل میں لیکر ہسپتال منتقل کردیا، جبکہ واقعے کے محرکات تاحال معلوم نہیں ہوسکے۔