پنجگور: مسافر بس سے ایک شخص فورسز کے ہاتھوں جبری لاپتہ

743

بلوچستان کے ضلع کیچ کے مرکزی شہر تربت سے جمعہ کے روز کوئٹہ جانے والی مسافر بس سے ایک شخص کو پاکستانی فورسز نے گرفتاری کے بعد لاپتہ کردیا –

بس میں سوار مسافروں کے مطابق بس کو پنجگور کی حدود میں ایف سی چیک پوسٹ پر روک لیا گیا اور فورسز اہلکار بس میں داخل ہوکر ایک مسافر کو تشدد کرتے ہوئے اپنے ساتھ لے گئے جسکی شناخت شاہ بیگ داد ولد ولی داد کے نام سے ہوئی جو شاپک کیچ کا رہائشی بتایا جاتا ہے –

واقعہ کے بعد دیگر مسافروں نے بس سے اتر کر مکران، کوئٹہ شاہراہ پر احتجاج کرتے ہوئے ٹریفک کی روانی معطل کر دی ہے – جس کے سبب شاہراہ کی دونوں اطراف مسافر بسوں اور دیگر گاڑیوں کی لمبی قطار لگ گئی ہے –

مسافروں نے اپنے ہمراہ کوئٹہ جانے والے شخص کی جبری گرفتاری اور گمشدگی کی مذمت کرتے ہوئے انہیں فوری طور پر رہا کرنے کا مطالبہ کیا ہے –

مسافروں کے مطابق بلوچستان کی شاہراوں پر لوگ عدم تحفظ کے شکار ہیں اور راستوں پر چیکنگ کے نام پر لوگوں کی جبری گمشدگی ناقابل قبول ہے –

آخری اطلاعات آنے تک مسافروں کا احتجاج جاری ہے –

خیال رہے کہ بلوچستان میں مسافر بسوں سے کئی مرتبہ طلباء اور سیاسی کارکنوں کو گرفتاری کے بعد لاپتہ کیا گیا ہے اور بعد ازاں انکی مسخ شدہ لاشیں برآمد ہوئی ہیں –

رواں سال کے ابتدا سے بلوچستان میں جبری گمشدگیوں کے کیسز میں اضافہ دیکھا گیا ہے – جس انسانی حقوق کی تنظیموں نے بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے جبری گمشدگیوں کی روک تھام کا مطالبہ کیا ہے –