صاف پانی کی قلت کے باعث پیر کوہ میں ہیضہ کی وبا پھوٹ پڑی ہے، مقامی اور عالمی ادارے مدد کریں-بی این ایم

461

بلوچ نیشنل موومنٹ کے ویلفئر سیکریٹری ظفربلوچ نے پیرکوہ ڈیرہ بگٹی کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا پیرہ کوہ میں قلت آب کی وجہ سے ہیضہ کی وبا پھوٹ پڑی ہے اور بحرانی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔پینے کا صاف پانی نہ ہونے کی وجہ سے 8 مہینے کے بچے سے لے کر 75 سال کے 13 سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

انھوں نے مقامی اور عالمی امدادی اداروں سے اپیل کی ہے کہ وہ ڈیرہ بگٹی کے علاقے پیرکوہ ، نصیرآباد اور ضلع لسبیلہ کی تحصیل سونمیانی وندر میں مویشیوں کی بیماری کی روک تھام اور قلت آب سے پیش آمدہ بحران کے حل کے لیے فوری کوشش کریں۔

انھوں نے اپنے بیان میں کہا بلوچستان کے مذکورہ اضلاع سمیت دیگر اضلاع میں جانوروں کی جلد کی بیماری لمپی اسکن ڈیزیز کی وجہ سے سینکڑوں مویشیاں ہلاک ہوچکی ہیں۔ بلوچستان میں 44 فیصد سے زائد لوگوں کا ذریعہ معاش مویشی پالنا ہے حالیہ چند سالوں میں پے درپے وبائی امراض اور قحط کی وجہ سے بلوچستان کی ںصف آبادی مزید بدحالی کا شکار ہوچکی ہے۔ مویشیوں کو پہنچنے والے نقصان سے اقتصادی پہیہ متاثر ہوا ہے اور تعلیم سمیت تمام شعبوں میں اس کے واضح اثرات پیدا ہوگئے ہیں جبکہ غذائی قلت سے بچوں کی صحت بھی متاثر ہو رہی ہے۔

ظفربلوچ نے کہا مقامی صحافیوں کی طرف سے بدھ کو موصول ہونے والی ایک فہرست کے مطابق پیرکوہ میں مضرصحت پانی کے استعمال سے 13 افراد کی موت ہوچکی ہے۔جن میں انور ولد باغی عمر 2 سال سکنہ باغی کالونی، خدیجہ ولد اکبر علی عمر 8 مہینہ سکنہ میرحاجی کالونی، فرزانہ ولد نظیر احمد عمر 2 سال سکنہ لعل محمد کالونی، ظفرعلی ولد سخی محمد عمر 2 سال سکنہ میرحسین کالونی، نوراتون ولد چلو عمر 2 سال سکنہ باغی کالونی، سعدیہ ولد بشیر عمر 2 سال سکنہ بختیار کالونی ، میرزادی ولد بشیر عمر 1 سال سکنہ لعل محمد کالونی ، ہنر بی بی ولد امیران عمر 2 سال سکنہ بندرتھل ، صاحب زادی زوجہ لیاقت عمر 25 سال سکنہ میرحسین کالونی، ساھو زوجہ بری عمر 75 سال سکنہ لعل محمد کالونی ، حضوربخش عمر 65 سال سکنہ بندر تھل اور محمد بلال ولد رزاق عمر 2 سال سکنہ بھٹوکالونی ، شامل ہیں۔