سی ٹی ڈی کا ایس آر اے ارکان کو مقابلے میں مارنے کا دعویٰ

761

کراچی میں سی ٹی ڈی نے سندھی آزادی پسند مسلح تنظیم سے تعلق رکھنے والے دو افراد کو مبینہ مقابلے میں مارنے کا دعویٰ کیا ہے۔

سی ٹی ڈی نے دعویٰ کیا ہے کہ مبینہ مقابلے میں مارے جانے والوں کا تعلق سندھی آزادی پسند مسلح تنظیم ایس آر اے سے ہے جبکہ سی ٹی ڈی نے دعویٰ کیا ہے کہ فائرنگ کے تبادلے میں دو افراد فرار ہونے میں کامیاب بھی ہوئے ہیں۔

سی ٹی ڈی نے مارے جانے والوں کی شناخت اللہ ڈنو اور نواب کے ناموں سے ظاہر کی ہے اور ان کے مطابق دونوں کا تعلق علیحدگی پسند تنظیم سندھی ریوولیشن آرمی سے ہیں۔

انہوں نے دعویٰ کیا ہے کہ ملزمان کے قبضے سے برآمد سامان میں ڈائنامائٹ اسٹک، دو ٹی ٹی پستول، ڈیٹونیٹر اور ریموٹ کنٹرول شامل ہے جب کہ دھماکا خیز مواد بھی برآمد ہوا جس کو بم ڈسپوزل اسکواڈ کے اہلکار نے ناکارہ بنا دیا ہے۔

دوسری جانب ذرائع نے دی بلوچستان پوسٹ کو بتایا ہے کہ مذکورہ دونوں افراد کو 15 مئی کو کراچی کے علاقے صدر سے حراست میں لیا گیا تھا جنکا تعلق سندھی قوم پرست پارٹی جسقم سے تھا۔

ذرائع کے مطابق دونوں نوجوان تھر کے رہائشی ہیں جو اس وقت کراچی میں محنت مزدوری کررہے تھے تاہم اس حوالے سے ایس آر اے یا جسقم کا موقف تاحال سامنے نہیں آیا ہے۔