کابل: اسکول کے قریب دھماکہ، کم از کم 25 طلباء جانبحق

765

افغانستان کے دارالحکومت کابل کے مغربی علاقے میں ہزارہ برادری کے لڑکوں کے اسکول، عبدالرحیم شاہد ہائی اسکول کے قریب ہونے والے تین دھماکوں کے نتیجے میں کم از کم 25 طلباء جان کی بازی ہار گئے۔

دھماکوں کے نتیجے میں بیس سے زیادہ افراد زخمی ہوئے ہیں، جانبحق و زخمیوں کی اکثریت اسکول کے طالب علموں کی بتائی جارہی ہے۔

وزارت داخلہ نے عبدالرحیم شہید ہائی اسکول کے قریب دھماکے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ واقعے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں اور تفصیلات بعد میں بتائی جائیں گی۔

کابل کے کمانڈر کے ترجمان خالد زدران نے کہا کہ ایک ہائی سکول میں تین دھماکے ہوئے جس میں کئی افراد زخمی ہوئے ہیں۔

بعض ذرائع کے مطابق پہلا دھماکہ خودکش حملہ تھا تاہم اس کی تصدیق تاحال نہیں ہوسکی ہے جبکہ حملے کی ذمہ داری فوری طور پر کسی نے قبول نہیں کی ہے۔