نوکنڈی واقعہ بلوچستان پر ہونے والے مظالم کا تسلسل ہے- عبدالغنی زامرانی

513

مرکزی جمعیت اہل حدیث بلوچستان کے ناظم اعلٰی مولای عبدالغنی زامرانی نے نوکنڈی واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ نوکنڈی میں فورس کی جانب بلوچ مزدوروں پر حملہ قابل مذمت ہے اور یہ واقعہ بلوچستان پر ہونے والے مظالم کا تسلسل ہے-

انکا کہنا تھا کہ اہلیان بلوچستان کیلئے معاشی دروازے بند کر کے انہیں نان شبینہ کامحتاج بنا دیا گیا ہے، بلوچستان کے باسی اپنے سرزمین پر بھی مسافرکی طرح ہیں،بلوچستان کو چلانے کیلئے یہ رویہ قابل قبول نہیں اور ایسے واقعات سے بلوچستان میں مزید انتشار پھیلےگا اور نفرتیں مزید بڑھ سکتی ہیں-

انہوں نے کہا کہ بلوچستان اور اہلیان بلوچستان کے بارے حکمرانوں کو رویہ تبدیل کرنا ہوگا۔ریاست کی ذمہ داری ہے کہ عوام کے جان و مال اور عزت کی حفاظت کرے مگر بدقسمتی سے ماہ مقدس رمضان میں بھی بلوچستان کے باسیوں کو کربلا جیسی صورتحال کا سامناہے، نوکنڈی واقعہ کی شفاف تحقیقات کرکے تمام حقائق سامنے لائے جائیں اور ایسے واقعات کی تدارک یقینی بنایا جائے-

انہوں نے کہاکہ بلوچستان بارے میں حکمرانوں اور مقتدر قوتوں کی پالیسیوں میں تبدیلی نہیں لایاگیا تو اسکا نتیجہ اندوہناک ہوگا۔