سانحہ نوکنڈی: گوادر میں حق دو تحریک کا احتجاج

340

پیر کے روز بلوچستان کے ساحلی شہر گوادر میں “حق دو تحریک” کی جانب سے شہداء جیونی چوک پر چاغی واقعہ کے خلاف احتجاج کیا گیا – شہریوں کی بڑی تعداد نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر سانحہ نوکنڈی کے خلاف نعرے درج تھے –

اس موقع پر حق دو تحریک کے سربراہ ہدایت الرحمان بلوچ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گذشتہ دنوں اور آج چاغی میں بلوچوں پر گولیاں برسائی گئی جو ناقابل قبول ہے –

انہوں نے کہا کہ دو وقت کی روٹی کے لیے ہمارے نوجوانوں کو گولیاں مار دی جاتی ہیں – بلوچستان سے پنجابی فوج اور ایف سی کو نکلنا ہوگا-

انکا کہنا تھا کہ ہم نہیں نکلیں گے کیونکہ بلوچستان ہمارا ہے، ہم کسی قاتل اور دہشت گرد فوج اور ایف سی کی عزت نہیں کریں گے کیونکہ یہ خود دہشتگردی میں ملوث ہیں –

انہوں نے کہا کہ یہ پاکستان کی نہیں پنجاب کا فوج ہے اور بلوچستان میں بدامنی کا ذمہ دار یہی فوج ہے –

ہدایت الرحمان بلوچ نے کہا کہ آج چاغی میں جو کچھ ہوا اس کے خلاف عوام کو نکلنا ہوگا اور عید کے بعد کوئٹہ میں دھرنا ہوگا – انکا کہنا تھا کہ واہگہ بارڈر پر کاروبار اور یہاں بلوچستان کے سرحدوں پر موت کا راج ہے –