تربت میں فورسز کے قافلے پر بم حملہ

1379

بلوچستان کے ضلع کیچ کے مرکزی شہر تربت میں پاکستانی فورسز کے قافلے پر بم حملے میں فورسز کو جانی و مالی نقصانات کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

دھماکہ تربت شہر میں آبسر پُل کے مقام پر اس وقت ہوا جب فورسز کے گاڑیوں پر مشتمل قافلہ گذر رہا تھا۔ علاقائی ذرائع کے مطابق فورسز کی دو گاڑیاں دھماکے کی زد میں آئی ہے جس سے فورسز کو جانی و مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

دھماکہ خیز مواد موٹر سائیکل پر نصب کیا گیا تھا جبکہ دھماکے کے بعد فورسز کی جانب سے فائرنگ کا سلسلہ دیر تک جاری رہا۔

حکام نے تاحال جانی و مالی نقصانات کے حوالے سے کوئی موقف پیش نہیں کیا ہے۔

خیال رہے گذشتہ دو روز کے دوران پاکستانی فورسز پر یہ تیسرا حملہ ہے۔ اس سے قبل کوئٹہ اور پنجگور کے علاقے میں فورسز پر شدید نوعیت کے حملے ہوئیں جن میں فورسز کو جانی نقصانات کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

پنجگور حملے کی ذمہ داری بلوچستان لبریشن فرنٹ نے قبول کی ہے جبکہ آئی ایس پی آر نے حملے میں پاکستان فوج کے میجر کے ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔

تربت میں ہونے والے حملے کی ذمہ داری تاحال کسی تنظیم نے قبول نہیں کی ہے۔