بلوچستان: فورسز پوسٹ پر حملہ، پاکستان فوج کا میجر ہلاک

1296

بلوچستان میں پاکستانی فورسز اور مسلح افراد کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں پاکستان فوج  کے میجر شاہد  بشیر ہلاک ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 21 اور 22 اپریل کی رات بلوچستان کے علاقے آواران میں مسلح افراد نے سکیورٹی فورسز کی پوسٹ پر حملہ کیا۔

آئی ایس پی آر کا بتانا ہے کہ حملہ آوروں  نے کاہان میں قائم چیک پوسٹ پر حملہ کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق حملے کے بعد حملہ آوروں کا تعاقب قریبی پہاڑوں میں کیا گیا جب کہ اس دوران حملہ آوروں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں میجر شاہد بشیر ہلاک ہوگئے، فائرنگ کے تبادلے میں ایک سپاہی زخمی بھی ہوا۔

دوسری جانب آزاد ذرائع نے پوسٹ پر حملے میں میجر سمیت محمد عمر نامی اہلکار کے ہلاکت کی تصدیق کی ہے جبکہ مزید جانی نقصانات اٹھانے کا اظہار کیا جارہا ہے۔

مذکورہ علاقوں میں بلوچ مسلح آزادی پسند تنظیمیں متحرک ہیں ماضی میں بھی شدید نوعیت کے حملوں کے نتیجے میں پاکستان فوج کو جانی و مالی نقصانات کا سامنا کرنا پڑا ہیں۔

دو روز قبل کوئٹہ شہر کے قریبی علاقے ولی تنگی ڈیم کے مقام پر بھی پاکستانی فورسز کے چیک پوسٹ ایک حملے میں نشانہ بنایا گیا جس میں حکام نے دو اہلکاروں کے شدید زخمی ہونے کی تصدیق کی تھی۔ کوئٹہ میں ہونے والے حملے کی ذمہ داری بلوچ لبریشن آرمی نے قبول کی۔

آج ہونے والے حملے کی ذمہ داری تاحال کسی تنظیم نے قبول نہیں کی ہے۔