کیچ میں فورسز کا آپریشن، دو طرفہ جانی نقصان کی اطلاع

631

بلوچستان ضلع کیچ میں پاکستانی فورسز نے خفیہ معلومات کی بنیاد پر بلوچ آزادی پسندوں کے خلاف آپریشن کی ہے جہاں مسلح تصادم کے نتیجے میں آزادی پسندوں اور فورسز اہلکاروں کے مارے جانے کی اطلاعات ہیں۔

فوجی آپریشن ضلع کیچ کے علاقے ہوشاپ میں تل کے مقام پر کیا گیا ہے۔ پاکستان فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے علاقے تربت میں مسلح افراد کے ٹھکانے کی موجودگی پر خفیہ معلومات پر آپریشن کیا گیا۔

بیان کے مطابق سکیورٹی فورسز نے علاقے میں کلیئرنس آپریشن شروع کیا تو مسلح افراد اور فورسز اہلکاروں کے درمیان اندھا دھند فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔

آئی ایس پی آر نے دعویٰ کیا کہ شدید فائرنگ کے تبادلے میں 7 مسلح افراد مارے گئے، مارے جانے والوں میں کمانڈر حاصل ڈوڈ اور واشدل شامل ہیں یہ افراد مکران ڈویژن میں حالیہ فائرنگ اور فورسز پر حملوں میں ملوث تھے۔ بیان کے مطابق آپریشن کے دوران اسلحہ اور گولہ بارود کا ایک بڑا ذخیرہ بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق آپریشن کے دوران مسلح تصادم کے نتیجے میں سات افراد جانبحق ہوئے ہیں جبکہ اس تصادم میں فورسز کو جانی بھی نقصان کا سامنا رہا ہے۔

آزادی پسندوں کی جانب سے اس کی تصدیق باضابطہ طور پر تاحال سامنے نہیں آئی ہے اور ناہی جانبحق ہونے والوں کی شناخت تاحال ہوسکی ہے تاہم مذکورہ علاقے میں بلوچ آزادی پسند مسلح تنظیمیں متحرک ہیں۔

خیال رہے حالیہ دو مہینوں کے دورانیہ بلوچ آزادی پسندوں کے خلاف پاکستانی فورسز کے فوجی آپریشنوں میں شدت دیکھنے میں آرہی ہے گذشتہ ماہ فورسز کے اس طرح کے کاروائیوں میں اٹھارہ آزادی پسند جانبحق ہوئے تھے۔ گذشتہ ماہ جانبحق ہونے والے آزادی پسندوں میں اکثریت کا تعلق بلوچ نیشنلسٹ آرمی سے تھا۔ جن میں مذکورہ تنظیم کے تین اہم کمانڈروں سمیت سترہ افراد شامل تھے۔ جبکہ رواں ماہ دس افراد جانبحق ہوئے ہیں۔

آج جانبحق ہونے والوں کے بارے میں تاحال یہ معلوم نہیں ہوسکا ہے کہ ان کا تعلق کس تنظیم سے تھا۔