کوئٹہ: گھروں میں فائرنگ، میاں بیوی بیٹی سمیت 5افراد قتل

408

کوئٹہ کے علاقے نواں کلی میں جمعہ کی شب دو گھروں کے اندر فائرنگ کے نتیجے میں تین خواتین سمیت پانچ افراد جاں بحق جبکہ دو بچے زخمی ہوگئے ہیں۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق فائرنگ کا واقعہ نواں کلی میں پشتونستان چوک کے قریب ٹیچر کالونی میں پیش آیا۔

اطلاع ملنے پر پولیس اور ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں جہاں ایک گھر سے تین لاشوں اور دو زخمی اور دوسرے گھر سے دولاشوں کو سول ہسپتال منتقل کردیا گیا

ہسپتال ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں محمد رفیق اسکی بیوی اور ان کی 18 سالہ بیٹی شامل ہے جبکہ 6 سالہ بچی اور ایک 15 سالہ لڑکا زخمی ہوئے ہیں دونوں بچے جاں بحق شخص کے بتائے جارہے ہیں۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق کچھ فاصلے پر ایک اور گھر سے ایک مرد اور ایک خاتون کی لاش کو ہسپتال منتقل کردیا گیا جن کی شناخت تاحال نہیں ہوسکی تاہم یہ ایک ہی واقعے کی کڑی بتائی جارہی ہے پولیس کے مطابق ابتدائی تفتیش سے لگ رہا ہے کہ واقعہ گھریلو جھگڑے پر پیش آیا ہے۔

فائرنگ کرنے والا مبینہ طور پر مقتول کا داماد ہے۔ ملزم نے ساس سسر اور منگیتر کو قتل کرنے کے بعد دوسرے گھر میں جاکر فائرنگ کرکے دو مزید افراد کو قتل کیا اور فرار ہوگیا تاہم واقعہ سے متعلق مزید تفتیش کی جارہی ہے