قلات: معدنیات سائٹ اور موبائل ٹاور مسلح حملہ آوروں نے تباہ کردی

963

بلوچستان کے ضلع قلات میں نامعلوم مسلح افراد نے حملوں میں معدنیات نکالنے والی سائٹ کے مشینری اور موبائل ٹاور کو تباہ کردیا۔ دوسری جانب سبی حملے میں پاکستانی فورسز فرنٹیئر کور کے دو اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔

قلات کے علاقے مکی میں پڈ ماران کے مقام پر فلورائیٹ نکالنے والی لیز پر حملہ کرکے سائٹ پر موجود گاڑیوں اور مشینری کو نذرآتش کردیا گیا۔ دریں اثناء اسی علاقے میں نصب یوفون ٹاور کو بھی مسلح افراد نے فائرنگ کرکے نقصان پہنچایا ہیں۔

علاقائی ذرائع کے مطابق واقعات کے بعد مسلح حملہ آور فرار ہوگئے جبکہ حکام کی جانب سے تاحال اس حوالے سے کوئی موقف پیش نہیں کیا گیا ہے۔

دوسری جانب سبی کے علاقے سانگان میں گذشتہ روز مسلح افراد کے حملے میں پاکستانی فورسز فرنٹیئر کور کے دو اہلکاروں کے زخمی ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔ تاہم حکام نے اس حوالے سے تاحال مزید تفصیلات فراہم نہیں کی ہے۔

خیال رہے سانگان ہی کے علاقے میں پانچ روز قبل ایک بم دھماکے کے نتیجے میں پاکستانی فورسز فرنٹیئر کور کے سات اہلکار ہلاک ہوئے تھے جبکہ حملے کی ذمہ داری بلوچ لبریشن آرمی نے قبول کی تھی۔

بلوچستان میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران یہ پانچواں واقعہ ہیں۔ گذشتہ روز پنجگور شہر میں بھی دستی بم حملے کے نتیجے میں ایک فورسز اہلکار زخمی ہوا تھا جس کی ذمہ داری بلوچستان لبریشن فرنٹ نے قبول کی تھی جبکہ بلوچ ریپبلکن گارڈز کیجانب سے بم دھماکے میں نصیر آباد میں روڈ پر کام کرنے والی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا تھا۔