شاہینہ شاہین قتل کیس میں ایک اور ملزم گرفتار

589

تین سال قبل بلوچستان کے ضلع کیچ کے مرکزی شہر تربت میں قتل ہونے والے مشہور بلوچ آرٹسٹ شاہینہ شاہین کے قتل کے ایک اور معاون کار کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔

پولیس کے مطابق ایک اہم کارروائی میں پولیس نے معروف آرٹسٹ مقتولہ شاہین شاہین کے قتل میں نامزد مفرور ملزم محراب خان گچکی کو فرار ہونے میں مدد فراہم کرنے والے ملزم سلمان ولد جان محمد سکنہ پسنی کو گرفتار کر لیا گیا۔

تربت پولیس کے مطابق ملزم کو صمید سعید کی نشاندہی پر گرفتار کرکے تحقیقات شروع کردی ہے۔

یاد رہے کہ بلوچ صحافی اور آرٹسٹ شاہینہ شاہین کو 5 ستمبر 2020 کو گولیاں مار کر قتل کیا گیا۔ جبکہ لواحقین کی مدعیت میں ان کے شوہر محراب گچکی اور اس کے ساتھی صمید سعید کیخلاف قتل کی ایف آئی آر درج کی گئی۔

بلوچ آرٹسٹ کے قتل میں نامزد ایک ملزم صمید سعید نومبر 2020 کو گرفتار کرلیا گیا جبکہ ایف آئی آر میں نامزد دوسرا مبینہ ملزم محراب گچکی تاحال فرار اور اشتہاری ہے۔