سات سال سے لاپتہ اسرار اللہ کو بازیاب کیا جائے – لواحقین

271

بلوچستان کے ضلع کیچ کے رہائشی اسرار اللّہ بلوچ ولد برکت بلوچ کے لواحقین کا کہنا ہے کہ اسرار اللہ اور رفیق بلوچ کو ایف سی اور سادہ کپڑوں میں ملبوس سرکاری اہلکاروں نے کوئٹہ سے پانچ فروری 2015 کو جبری طور پر گمشدگی کا شکار بنایا تھا۔ چھ سال کے بعد رفیق بلوچ کو رہا کر دیا گیا، مگر اسرار اللّہ بلوچ کو تاحال رہا نہیں کیا گیا۔

اسرار اللّہ کا تعلق ضلع کیچ کے علاقے ہوت آباد سے ہے۔ وہ سیّد ظہور شاہ ہاشمی اسکول تربت کا ایک طالب علم تھا۔

اسرار کی والدہ گل بی بی کا کہنا ہے کہ میرے بیٹے کو پڑھنے کا بہت شوق تھا، وہ ڈاکٹر بننا چاہتا تھا، اس نے ایف ایس سی کا امتحان اچھے نمبروں سے پاس کیا تھا، وہ میڈیکل ٹِسٹ کی تیاری کے لیے کوئٹہ گیا ہوا تھا، وہ جنوری 2015 کو کوئٹہ پہنچا ہی تھا کہ کسی اچھی اکیڈمی میں داخلہ لے، تو اسے ایڈمیشن لینے سے پہلے فروری 2015 کو رفیق بلوچ کے ساتھ سرکاری اہلکاروں نے جبری طور پر لاپتہ کردیاتھا، جو تاحال لاپتہ ہے۔”

اسرار کی والدہ نےمزید کہا کہ میرے لختِ جگر کو سات سال مکمل ہوچکے ہیں، اسے تاحال بازیاب نہیں کیا گیا ہے، میں ایک مرتبہ پھر حکومتی اہلکاروں سے دست بستہ اپیل کرتی ہوں کہ میرے بیٹے کو رہا کیا جائے۔