خضدار میں بچی کیساتھ اجتماعی زیادتی کی مذمت کرتے ہیں – راجی فورم

368

 ‏بلوچستان کے ڈسٹرکٹ خضدار میں13سالہ معصوم بچی کےساتھ اجتماعی جنسی زیادتی کے واقعے پر راجی بلوچ وومن فورم نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ 2022-2021ء کے دوران صوبہ بلوچستان میں جنسی تشددمیں خطرناک حد تک اضافہ ہوا ہے۔

بیان میں مزید کہا گی اہے کہ جنسی زیادتی کے واقعات نہ صرف معصوم بچیوں بلکہ مختلف علاقوں میں بچوں کے ساتھ بھی تواتر کے ساتھ ہوتے آرہے ہیں۔ ‏21 مارچ کو ہونے والا واقعہ جو خصدار کے علاقے سنی گنبدی میں محمد اسلم نامی شخص کی معصوم بچی کے ساتھ پیش آیا، تین افراد نے بچی کو زبردستی کسی جگہ لے جا کر اجتماعی جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا، کہا جاتا ہے کہ ایف آئی آر درج کروانے پر کاروائی شروع کی جا چکی ہے لیکن ہم راجی بلوچ وومن فورم اس بات پر نہ صرف مکمل مذمت کرتے ہیں بلکہ حیرانگی کا اظہار بھی کرتے ہیں کہ بلوچستان جہاں اب وومن ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ، بلوچستان کمیشن اسٹیٹس آف دی وومن، بلوچستان وومن الائنس اور اس کے علاوہ بھی بہت سارے ادارے اگر باقاعدگی کے ساتھ کام کر رہے ہیں تو یہ معاملات معمول کا حصہ بنتے ہوئے کیوں نظر آتے ہیں؟

‏بیان میں کہا گیا ہے کہ راجی بلوچ وومن فورم تمام انسان دوست تنظیموں سے اپیل کرتی ہے کہ ہم آواز ہو کر اس طرح کے مسائل پر بات کریں ورنہ انسانی حقوق کے اپنے ادارے تشویش کا باعث بن کر رہ جائیں گے۔