اسلام آباد میں بلوچ طلباء کا احتجاج جاری، اختر مینگل اور دیگر کا اظہار یکجہتی

345

پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں پریس کلب کے سامنے بلوچ طلباء کا احتجاجی کیمپ 12 دنوں سے جاری ہے –

پاکستانی خفیہ اداروں کے ہاتھوں جبری گمشدگی کے شکار اپنے ساتھی طالب علم حفیظ بلوچ کی عدم بازیابی اور پنچاب کے تعلیمی اداروں میں بلوچ طلباء کو ہراساں کرنے کے خلاف جاری کیمپ میں آج بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ اور رکن پاکستان اسمبلی سردار اختر مینگلو دیگر رہنماؤں نے شرکت کرتے ہوئے اظہار یکجہتی کیا –

اس موقع پر سرادر اختر مینگل نے کہا کہ پارٹی ہر فورم پر لاپتہ افراد کی بازیابی کیلئے آواز بلند کرتی رہی ہے اب بھی پارلیمنٹ سمیت ہر پلیٹ فارم پر ان کے ساتھ ہونے والی زیادتیوں، حفیظ بلوچ سمیت تمام لاپتہ افراد کی بازیابی کیلئے آواز بلند کرے گی –

انہوں نے کہا کہ ہماری جو ذمہ داری بنتی ہے ہر صورت اسے سر انجام دیں گے افسوس ہے کہ آج بلوچ نوجوانوں کیلئے تعلیم کے دروازے بند کئے جارہے ہیں ہزاروں میل دور سے بلوچ طلباءو طالبات علم کے زیور سے آراستہ ہونے کیلئے یہاں آئے ہیں والدین معاشی مشکلات کے باوجود اپنے پیاروں کو علم حاصل کرنے کیلئے بھیج رہے ہیں تاکہ ان کا مستقبل روشن ہو سکے لیکن آج انہیں ذہنی کوفت اور ہراساں کرنے کی کوششیں حفیظ بلوچ کو لاپتہ کر کے جو خوف و ہراس کا ماحول پیدا کیا جا رہا ہے وہ قابل مذمت عمل ہے حفیظ بلوچ یہاں دہشت گردی کرنے نہیں بلکہ تعلیم حاصل کرنے کیلئے آیا مگر بلوچ طلباءو طالبات پر تعلیم کے دروازے بند کئے جا رہے ہیں جو قابل تشویش ہے بی این پی نے ہر دور میں حقیقی و عملی طور پر لاپتہ افراد کی بازیابی کیلئے جدوجہد کی ہم کمزور ہیں مگر حق ‘ سچائی ‘ انصاف ‘ استحصالی پالیسیوں کے خلاف بولتے رہے ہیں اور بولتے رہیں گے جو ہماری قومی ذمہ داری ہے آپ نوجوان ہمارے اولاد اور بھائی ہیں بلوچستان میں جتنے لوگ آباد ہیں ان کے حقوق کا تحفظ کیلئے ہمیشہ جدوجہد کی ہے اور کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا ہے اب بھی ہم حفیظ بلوچ سمیت تمام لاپتہ افراد کے لواحقین کے ساتھ کھڑے ہیں موجودہ حکومت سے کوئی توقع نہیں لیکن ہم کوشش کریں گے کہ پی ڈی ایم میں شامل اتحادیوں کے ساتھ ان مسائل کو اٹھائیں گے تاکہ بلوچستان سے لاپتہ ہونے والے افراد بازیابی ہو کر اپنے گھروں تک پہنچ گے ہماری مائیں بہنیں جو اپنوں کی راہ تک رہے ہیں ان کے آنسو روک سکیں –

اس موقع پر انہوں نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہماری سیاست کا محور بلوچ اور بلوچستانی عوام کے حقیقی ترجمانی کرنا ہے پارٹی کی جانب سے ہم ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں –