دی بلوچستان پوسٹ نیوز ڈیسک کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق کوئٹہ میں پانی کی عدم فراہمی پر مری آباد کے رہائشیوں نے احتجاج کرتے ہوئے علمدار روڈ پر دھرنا دے دیا ہیں۔
مظاہرین کا مطالبہ ہے کہ حکومت اور انتظامیہ علاقے میں پانی کے مسئلے کے حل کرنے کے لیے سنجیدہ اقدامات اٹھائیں۔
مظاہرین کے مطابق کوئٹہ کے علاقے مری آباد میں سرکاری ٹیوب ویل کے ذریعے گھروں میں پانی کی عدم فراہمی پر علاقہ مکینوں کو پانی کی قلت کا سامنا ہے۔ دھرنا مظاہرین میں خواتین و بچے بھی شامل تھے۔ مظاہرین نے محکمہ واسا، مقامی ایم پی اے اور انتظامیہ کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔
مظاہرین کا موقف ہے کہ گذشتہ دس روز سے گھروں میں پانی کی فراہمی منقطع ہے جس کے باعث شہری مہنگے داموں پر ٹینکر منگوانے پر مجبور ہیں-
مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ متعلقہ حکام پانی کی فراہمی کے لیے فوری اقدامات کرے ورنہ مطالبات کی منظوری تک انکا احتجاج جاری رہے گا۔