سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی سوشل میڈیا ایپ عوام کے لیے متعارف کرا دی ہے۔
اس ایپ کو اتوار کو رات گئے امریکا کے لیے ایپل کے ایپ اسٹور میں جاری کیا گیا اور فی الحال گوگل پلے اسٹور پر دستیاب نہیں۔
ٹرمپ میڈیا اینڈ ٹیکنالوجی گروپ (ٹی ایم ٹی جی) نامی کمپنی اس ایپ کے پیچھے ہے اور اس کے سی ای او ڈیوین نیونز نے میڈیاسے بات کرتے ہوئے ایپ ابھی مکمل طور پر تیار نہیں ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ ہم رواں ہفتے لوگوں کے لیے اسے ایپل ایپ اسٹور میں لوگوں کے لیے پیش کررہے ہیں اور ہمارے خیال میں مارچ کے آخر تک کم از کم امریکا کے اندر اسے مکمل آپریشنل کردیا جائے گا۔
اکتوبر 2021 میں ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک تحریری بیان میں کہا تھا کہ ’ہم ایک ایسی دنیا میں رہتے ہیں جہاں طالبان کی ٹوئٹر پر بہت بڑی موجودگی ہے، پھر بھی آپ کے پسندیدہ امریکی صدر کو خاموش کرادیا گیا ہے، یہ ناقابل قبول ہے‘۔
انہوں نے کہا کہ ’میں بہت جلد ٹروتھ سوشل پر اپنا پہلا سچ بھیجنے کے لیے پرجوش ہوں‘۔
انہوں نے کہا کہ ’میں جلد ہی ٹروتھ سوشل پر اپنے خیالات شیئر کرنے اور بگ ٹیک کے خلاف لڑنے کے لیے پرجوش ہوں‘۔
واضح رہے کہ ٹوئٹر اور فیس بک کی جانب سے سابق امریکی صدر کے اکاؤنٹس پر 8 جنوری کو اس وقت مستقل پابندی لگا دی گئی تھی جب واشنگٹن میں کیپیٹل ہل میں ان کے حامیوں نے ہنگامہ آرائی کی، جس کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار سمیت 5 افراد ہلاک ہوگئے۔
اسنیپ چیٹ نے بھی سابق صدر کا اکاؤنٹ لاک کردیا تھا جبکہ یوٹیوب اکاؤنٹ بھی معطل کردیا گیا تھا۔