پنجگور: فورسز کے ہاتھوں شہری قتل، لواحقین کی تصدیق

1577

دی بلوچستان پوسٹ نیوز ڈیسک کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق پنجگور سے مقامی انتظامیہ کو دو افراد کی لاشیں ملی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق پنجگور کے علاقے چتکان سے دو افراد کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں جن میں سے ایک کی شناخت احتشام ولد ماسٹر غلام سرور کے نام سے ہوئی ہے جو پنجگور تسپ کا رہائشی ہے جبکہ انتظامیہ کو ایک اور لاش ملی ہے جس کی شناخت تاحال نہیں ہوسکی ہے-

پولیس کا کہنا ہے کہ ایک شخص اختشام ولد ماسٹر غلام سرور کی لاش گچک منڈی سے برآمد ہوئی ہے جبکہ دوسری لاش پرانے تھانہ ایریا سے برآمد کی گئی ہے-

پنجگور انتظامیہ کے مطابق دونوں افراد کے سروں پر  گولیوں کے نشانات ہیں دونوں لاشوں کو ضروری کارروائی کے لیے ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کردیا ہے-

دوسری جانب احتشام ولد غلام سرور کے خاندانی ذرائع نے بتایا کہ احتشام کو اج پاکستانی سکیورٹی فورسز نے چتکان ٹرمینل جاتے ہوئے حراست میں لیکر قتل کردیا ہے جبکہ لواحقین نے انتظامیہ سے احتشام کی لاش حوالگی کا مطالبہ کیا ہے-

اطلاعات کے مطابق دونوں لاشیں ابھی انتظامیہ کے تحویل میں خدشہ یے ظاہر کیا جارہا ہے کہ دوسرے شخص کو بھی آج قتل کیا گیا ہے جبکہ پنجگور کے مختلف علاقوں سے کئی افراد کی حراست میں لئے جانے کے بھی اطلاعات موصول ہوئی ہیں-

یاد رہے پنجگور کے علاقے چتکان میں گزشتہ روز سے بلوچ لبریشن آرمی نے ایف سی ہیڈکوارٹر پر حملہ کرکے اپنے قبضہ میں لے رکھا ہے- جبکہ فورسز اور بلوچ مزاحمت کاروں کے درمیان میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں سے جھڑپیں جاری ہیں جس کے باعث شہر میں کرفیو نافذ کردیا گیا ہے-

پنجگور چتکان میں چھڑپوں کے باعث مواصلاتی نظام معطل ہے جبکہ فورسز علاقہ میں گشت کررہے ہیں جبکہ دوسری جانب ایف سی کیمپ چتکان میں حملہ آوروں کے موجودگی کے باعث جھڑپوں کا سلسلہ تاحال جاری ہے-