بلوچستان کے ضلع کیچ کے سرحدی تحصیل مند میں پیر کے روز گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول سورو میں ٹیچر اسٹاپ کی کمی اور دیگر مسائل کے خلاف گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول سورو، گرلز اسکول کے طلباء طالبات سمیت مند سول سوسائٹی کے رہنماؤں کی جانب سے سورو میں ایک احتجاجی مظاہرے کا اہتمام کیا گیا –
مظاہرین نے کہا کہ سورو ہائی اسکول میں ٹیچرز کی کمی کے خلاف طلباء اور سول سوسائٹی کئی روز سے احتجاج کر رہے ہیں-
انہوں نے کہا کہ گورنمنٹ بوائز ہائی سکول میں ٹیچرز کی کمی کو پورا کرنے کے بجائے ایک اور ٹیچر عبدالاحد مسعودی جو پوری پرائمری سیکشن کا ذمہ دار ہے، کو ٹرانسفر کیا گیا ہے-
انکا کہنا تھا کہ اس ناجائز عمل کے خلاف طلباء طالبات سمیت مند سول سوسائٹی نے مشترکہ احتجاج ریکارڈ کیا ہے-
احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ ہم اس تبادلے کی پُر زور مذمت کرتے ہیں اور عبدلاحد مسعودی کے تبادلے کو فوری طور پر منسوخ کی جائے تاکہ پہلے سے سکول میں اساتذہ کی کمی کی وجہ سے پرائمری سیکشن مزید بحران کا شکار نہ بنے-
انہوں نے کہا کہ تعلیم ہر ذی شعور انسان کا بنیادی حق ہے، لیکن مند کے عوام کو اس بنیادی حق سے محروم کیا جا رہا ہے، مند پہلے سے کئی لحاظ سے پسماندہ ہے اسے مزید تعلیمی لحاظ سے پسماندہ نہ کیا جائے-
مقررین نے مطالبہ کیا کہ ڈی ای او کیچ جو مند کے ساتھ سوتیلی ماں جیسی سلوک کررہا ہے او ڈپٹی ڈی او مند ان تمام کاروائیوں میں ان کے برابر شریک ہیں ان کا فوری طور پر تبادلہ کیا جائے اور غیر حاضر اساتذہ کی پشت پناہی بند کی جائے باصورت دیگر مند کے تمام اسکولوں کی تالا بندی کی جائیگی-