جیکب آباد: غیرت کے نام پر خاتون قتل

444

دی بلوچستان پوسٹ نیوز ڈیسک کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق جیکب آباد کی تحصیل ٹھل میں غیرت کے نام پر خاتون کو قتل کردیا گیا۔

پولیس کے مطابق جیکب آباد کے رہائشی شوکت مرہٹو نے اپنی بیوی کو سیاہ کاری کے الزام میں فائرنگ کرکے قتل کردیا اور فرار ہوگیا، اطلاع ملنے پر پولیس جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور لاش کو تحویل میں لیکر پوسٹ مارٹم کے لیے ٹھل اسپتال منتقل کیا جہاں ضروری کاروائی کے بعد لاش ورثا کے حوالے کردیا گیا۔

پولیس کے مطابق ملزم کے خلاف قانونی کاروائی کی جارہی ہے-

خیال رہے گذشتہ دنوں بلوچستان کے ضلع مستونگ میں نامعلوم افراد نے میاں بیوی کو پسند کی شادی پر قتل کردیا تھا جبکہ دو روز قبل ڈیرہ اللہ یار میں شوہر نے فائرنگ کرکے اپنی بیوی سمیت دو افراد کو قتل کردیا تھا-

ایک اور واقعہ میں رواں سال کی شروعات میں نصیر آباد تمبو میں ایک شخص نے غیرت کے نام پر اپنی کزن بہن سمیت ایک شخص کو قتل ککیا جبکہ تین روز قبل حب میں سندھ کے رہائشی ایک شخص نے فائرنگ کرکے اپنی سابقہ بیوی کو قتل کردیا-

خیال رہے بلوچستان اور سندھ کے مختلف علاقوں میں غیرت کے نام پر قتل کے واقعات تواتر سے رپورٹ ہوتے رہے ہیں جبکہ ان واقعات میں مرنے والوں میں خواتین کی ایک بڑی تعداد شامل ہے جبکہ مذکورہ واقعات میں ملوث افراد بہت ہی کم تعداد کو قانون نافذ کرنے والے ادارے انصاف کے کٹہرے میں لاسکے ہیں۔

اعداد شمار کے مطابق پاکستان میں غیرت کے نام پر سالانہ ایک ہزار سے زائد خواتین قتل ہوجاتے ہیں۔ اور بلوچستان کے ضلع نصیر آباد اور سندھ کے کچھ دیہی علاقے سب سے زیادہ سرفہرست ہیں۔