پنجگور اور مند میں نوجوانوں کے قتل خلاف تربت میں مظاہرہ

305

تربت سول سوسائٹی کی جانب سے مند اور پنجگور کے نوجوانوں کے قتل کے خلاف تربت پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیاگیا۔

مظاہرین نے احتجاجی پلے کارڈز اٹھائے رکھے تھے اور کیپٹن آدم شاہ مراد اور پنجگور میں تین نوجوانوں کو قتل کیے جانے کے خلاف نعرہ بازی کی

مظاہرہ سے خطاب کرتے ہوئے تربت سول سوسائٹی کے کنوینر گلزار دوست نے کہاکہ شہید آدم کا قتل اسی کا تسلسل ہے جو برسوں سے بلوچ نوجوانوں کے ساتھ کی جارہی ہے، شہید آدم منشیات سمیت سماجی برائیوں کے خلاف آواز بلند کرتے ریے اور اسپورٹس کے فروغ کے لیے کام کرتے تھے آدم بلوچ نوجوانوں کو منشیات سے دور کرتے ہوئے اسپورٹس سے منسلک کرنا چاہتے تھے لیکن بلوچ دشمن عناصرکو یہ ہضم نہیں ہورہاتھا اس لیئے شہید آدم کو بلوچ قوم سے دور کردیاہے۔

انہوں نے کہاکہ پنجگور میں گزشتہ روز ایک افسوسناک واقعہ ہیش آیا جس میں تین بے گناہ نوجوانوں کو نشانہ بنا کر شہید کردیا گیا آدم بلوچ اور ان تینوں کے قاتل ایک ہیں جو بظاہر نامعلوم ہیں لیکن حقیقت میں سب کو معلوم ہیں۔

مظاہرہ سے جماعت اسلامی کے ضلعی امیر غلام یاسین نے کہاکہ بلوچ معاشرے میں زندگی اجیرن بنا دی گئی ہے تمام شعبے سے تعلق رکھنے والوں کو ٹارگٹ کیا جا رہا ہے سپورٹ گراؤنڈ میں نوجوان سپورٹ مین کوٹارگٹ کرکے شہید کرنا بہت سارے سوالات جنم دیتا ہے کیچ انتظامیہ نااہل ترین انتظامیہ بن چکی ہے سرے عام ٹارگٹ کرنے والے قاتل انتظامیہ کی جانب سے نامعلوم قاتل تصور کئیے جاتے ہیں انتظامیہ اور اسٹیبلشمنٹ اپنی ضرورت کیلئے حالات خراب کرتے ہیں امن وامان خراب کرکے کیاحاصل کرنا چاہتے ہیں۔

بی این پی عوامی کے رہنما ظریف زدگ نے کہا کہ شہید آدم اور پنجگور میں شہید دو نوجونواں کی شہادت قابل مذمت ہے سازش کے تحت پورے بلوچستان میں جان بوجھ کرعدم تشدد کاماحول پیدا کیا جارہا ہے ، آئے روز بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بلوچ نوجوانوں کو ٹارگٹ کیارہاہے جس میں تمام مکاتب فکر کے بلوچ نوجوان شامل ہیں تاکہ بلوچ نوجوانوں کو معاشرتی کاموں سے دور رکھا جاسکے۔

انہوں نے کہا کہ نامعلوم کون ہیں جو ہر وقت بلوچ کش واقعات کرتے چلے آرہے ہیں بلوچ نسل کشی بند کی جائے بلوچستان میں امن وامان کا قیام اس طرح ناممکن ہے اگر بلوچستان میں میں امان قائم کرنا ہے تو اپنی پالیسیاں تبدیل کیئے جائیں۔

بی ایس او کے رہنما عقیل جلال نے کہا کہ آدم شاہ مراد جیسے بلوچ دوست سپورٹس مین کو شہید کرنا بلوچ قوم میں احساس محرومی اور خوف پیدا کرنا ہے، مگر ایسے حالات خود ان کے پیدا کرنے والوں کے حق میں خراب نکلیں گے۔

بی ایس او پجار کے رہنما نوید تاج نے کہاکہ شہید آدم اور پنجگور میں تین نوجوانوں کی شہادت کی پر زور مذمت کرتا ہوں شہید آدم کی شہادت صرف ایک فرد کی شہادت نہیں بلکہ بلوچ نوجوانوں کا قتل ہے۔ شہید آدم ایک سپورٹس دوست نوجوان تھے جو اپنے علاقے میں نوجوانوں کو سپورٹس کی جانب مشغول کرنے کےلئے جدوجہد کرتے تھے لہذا انتظامیہ شہید آدم کے قاتلوں کو ڈھونڈ کر انہیں گرفتار کرے۔

پی سی بی کے ممبر شاہ دوست دشتی نے کہاکہ سب سے پہلے میں تربت سول سوسائی کامشکور ہوں کہ انہوں نے شہید ادھم کیلئے آواز اٹھائی انہوں نے مزید کہاکہ شہید آدم کے خاندان کو انصاف فراہم کیاجائے اور شہید کے قاتلوں کو گرفتار کیا جائے۔