بلوچ نیشنل موومنٹ کے ترجمان نے کہا ہے آئی ایس آئی کے ایجنٹوں نے مغربی بلوچستان کے علاقے پیشن میں بلوچ جہدکار کے بھائی اور بی این ایم کے دوزواہ خدابخش عرف کماش ولد پھلان سکنہ گومازی کو قتل کردیا۔ ہم اس واقعے کی شدید مذمت کرتے ہیں اور یہ عہد کرتے ہیں کہ شہدا کے لہو کو ہرگز رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا۔
خدابخش ولد پھلان پاکستانی ظلم وجبر سے تنگ آکر گزشتہ آٹھ سالوں سے مغربی بلوچستان کے علاقے پیشن میں مہاجر کی زندگی بسر کررہا تھا۔ انہیں دو روز قبل پاکستانی فوج و آئی ایس آئی کے ایجنٹوں نے قتل کردیا۔
ترجمان نے کہا مشرقی بلوچستان میں جاری پاکستانی ریاستی دہشت گردی سے متاثر ہزاروں خاندان مغربی بلوچستان اور افغانستان کی جانب ہجرت پر مجبور ہوئے ہیں لیکن نہ افغانستان اور نہ ہی مغربی بلوچستان میں بلوچ مہاجرین محفوظ ہیں۔ انہیں پاکستانی فوج و خفیہ ادارے مسلسل نشانہ بنارہے ہیں۔
انہوں نے مغربی بلوچستان کے مقامی لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے مہمان اور باہوٹ کی حفاظت کے لیے آگے بڑھیں کیونکہ یہ لوگ کسی ذاتی دشمنی کی وجہ سے نہیں بلکہ ایک عظیم قومی مقصد کے لیے اپنے گھربار اور مال و متاع چھوڑ کر مہاجرت کی زندگی گزارنے پہ مجبور ہیں۔