لیاری میں گرینڈ ادبی و سیاسی فیسٹیول کا انعقاد کیا جائے گا – بلوچ اسٹوڈنٹس ایکشن کمیٹی

203

بلوچ اسٹوڈنٹس ایکشن کمیٹی کے مرکزی ترجمان نے اپنے جاری کردہ بیان میں لیاری ادبی و سیاسی فیسٹیول کے انعقاد کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ 23 جنوری 2022 کو بلوچ اسٹوڈنٹس ایکشن کمیٹی کی جانب سے لیاری میں گرینڈ ادبی و سیاسی فیسٹیول کا انعقاد کیا جائے گا جس میں سیاست، ادب اور کراچی کے مسائل سمیت مختلف موضوعات پر بلوچ دانشور، سیاسی جماعتوں کے رہنماء اور طلبا تنظیموں کے عہدیدار بطور پینلسٹ شریک ہوں گے۔ اس کےعلاوہ فیسٹیول میں بلوچستان کتاب کاروان کےنام سے کتب میلے کا بھی انعقاد کیا جائے گا اور میوزیکل دیوان بھی منعقد کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ کسی بھی سماج کی ترقی و ترویج میں طالبعلموں کا ایک عظیم کردار رہا ہے۔ جہاں طالبعلم ایک نئی سوچ اور فکر کے ماتحت سماج کےلیے نئی راہیں متعین کرتی ہیں تو دوسری جانب سماج میں نئے ترقی پسند بحث و مباحثوں کا آغاز کرتے ہوئے انھیں اجتماعی عمل کی جانب راغب کیا جاتا ہے۔ بلوچ اسٹوڈنٹس ایکشن کمیٹی بلوچ طالبعلموں کی نمائندگی کرتے ہوئے بلوچستان سمیت بلوچ اکثریت علاقوں میں تسلسل کے ساتھ مختلف تقریبات اور فیسٹیول کا انعقاد کرتی آ رہی ہے۔ ایسے فیسٹیول اور تقریبات کا بنیادی مقصد طلالبعلموں سمیت سماج کے ہر ذی شعور طبقے میں ترقی پسند سوچ کو پروان چڑھاتے ہوئے ان میں سیاسی، ادبی اور علمی شعور کو پروان چڑھانا ہے تاکہ نوجوانوں سمیت تمام طبقہ ہائے فکر سے تعلق رکھنے والے افراد اجتماعی عمل کا حصہ بنیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ بلوچ اسٹوڈنٹس ایکشن کمیٹی کی جانب سے رواں سال ہی میں کوئٹہ، حب چوکی اور تونسہ شریف میں گرینڈ فیسٹیول کا انعقاد کیا گیا اور اسی تسلسل کو جاری رکھتے ہوئے لیاری ادبی و سیاسی فیسٹیول کے انعقاد کا اعلان کیا جا رہا ہے۔ اس فیسٹیول میں مختلف سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے بلوچ سیاسی رہنماؤں کو مدعو کیا جائے گا جو بلوچ سیاست کے تاریخی پس منظر اور موجودہ سیاسی پیچیدگیوں سمیت کراچی کےسیاست پر اظہار خیال کریں گے۔ آبادی کے حوالے سے بلوچوں کے سب سے بڑے شہر کراچی میں بلوچ عوام کو بسا اوقات مختلف مسائل درپیش ہوتے ہیں اس حوالے سے کراچی سے تعلق رکھنے والے بلوچ ایکٹوسٹ اور مختلف سیاسی و سماجی تنظیموں کے رہنما اظہار خیال کریں گے۔ بلوچ طلبا سیاست پر پینل ڈسکشن کا بھی انعقاد کیا جائے گا جس میں سابق طلبا رہنما سمیت تنظیم کے موجودہ عہدیداران بطور پینلسٹ شریک ہوں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کتابیں سماج میں نئی سوچ کی پروان اور تقویت دینے میں اہم کردار اد ا کرتی ہیں۔ بلوچ اسٹوڈنٹس ایکشن کمیٹی بطور طلبا تنظیم یقین رکھتی ہے کہ بلوچ سماج کی ترقی و ترویج علم و شعور سے ممکن ہے اور کتابیں ہی علم و شعور کا محور ہیں جو سوچنے، سمجھنے اور عمل کرنے کے نئے زاویے متعین کرتی ہے۔ چنانچہ بلوچ سماج میں کتابی ماحول کو فروغ دینے کےلیے تنظیم کی جانب سے بلوچستان کتاب کاروان کے نام سے بلوچستان کے کونے کونے میں کتب میلوں کا نعقاد کیا جا رہا ہے۔ اسی تسلسل کو جاری رکھتے ہوئے لیاری ادبی و سیاسی فیسٹیول میں بھی بلوچستان کتاب کاروان کے مناسبت سے ایک کتب میلے کا انعقاد کیا جائے گا جس میں مختلف پبلشرز کی کتابیں رکھی جائیں گی۔ اس کے علاوہ بلوچ فنکاروں کے فن کی ترویج کے لیے آرٹ ایگزیبشن سمیت میوزیکل دیوان بھی منعقد کی جائے گی۔

اپنے بیان کے آخر میں انہوں نے کہ تنظیم کی جانب سے ایسے تقریبات کا تسلسل کے ساتھ منعقد کرنے کا بنیادی مقصد سماج کےلیے نئی اور ترقی پسند راہوں کا متعین کرنا ہے۔ لیاری لٹریری و سیاسی فیسٹیول بھی اسی سلسلے کی ہی کڑی ہے۔ اس ضمن میں لیاری سمیت کراچی کےتمام بلوچ اکثریت علاقوں کے عوام کو مدعو کیا جاتا ہے اس ادبی و سیاسی فیسٹیول کا حصہ بنیں۔