تربت: گوکدان اور گھنہ کے اسکول کے درمیان دوستانہ فٹبال میچ کا انعقاد

417

گورنمنٹ بوائز ہائی سکول گوکدان اور ہائی سکول گھنہ کی فٹبال ٹیموں کے درمیان دوستانہ میچ، گھنہ نے دو گولوں سے میچ جیت لیا۔

منگل کو گورنمنٹ بوائز ہائی سکول گوکدان اور بوائز اسکول گھنہ کی فٹبال ٹیموں کے درمیان ایک دوستانہ میچ بوائز ہائی سکول گوکدان کے گراؤنڈ پر کھیلا گیا جس کے پہلے ہاف میں ہائی سکول گوکدان کی ٹیم نے ایک گول کی برتری حاصل کرلی جبکہ دوسرے ہاف میں بوائز ہائی سکول گھنہ کی ٹیم نے تین گول اسکور کرکے میچ دو گولوں سے جیت لیا۔

میچ کے اختتام پر ہائی سکول گوکدان کے ہیڈ ماسٹر محمد نسیم سنگھور نے دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں سے خطاب کیا.

انہوں نے گھنہ کی ٹیم کو میچ جیتنے پر مبارک باد دی اور کہا کہ کھیل صحت مند سرگرمی ہے اسکولوں میں نصاب کے ساتھ غیر نصابی سرگرمیوں کا انعقاد طلبہ کی جسمانی و دماغی صحت کے لیے بہت ضروری ہے۔

انہوں نے کہاکہ ہائی سکول گوکدان نے ایک پرانی روایت زندہ کرکے اسکولوں کے درمیان کھیلوں کے مقابلے کا آغاز کیا ہے ہمیں امید ہے کہ دوسرے اسکول بھی اس کی تقلید کرکے غیر نصابی سرگرمیوں کی جانب بڑھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہائی سکول گوکدان نے آج گھنہ کے فٹبال ٹیم کی میزبانی کی بہت جلد ہماری ٹیم بھی وہاں جائے گی اس کے ساتھ ہماری فٹبال اور کرکٹ کی ٹیمیں بھی دیگر اسکولوں کا دورہ کرکے دوستانہ میچ کھیلیں گے۔ اس موقع پر پی ٹی آئی عبدالحمید بلوچ، سنیئر ٹیچر مراد حاصل، صغیر احمد، عبدالسلام، میر سراج، خاطر علی، سلمان رشید و دیگر اساتذہ بھی موجود تھے۔