بلوچستان کے مختلف اضلاع میں پیش آنے والے ٹریفک حادثات اور واقعات میں مجموعی طور پر بچی سمیت 6 افراد جانبحق جبکہ ان حادثات اور فائرنگ کے واقعات میں خواتین، بچوں سمیت 15 افراد زخمی ہوئے ہیں-
تفصیلات کے مطابق ضلع لسبیلہ کے تحصیل وندر کے قریب مسافر کوچ اور اور مخالف سمت سے آنے والی ٹرک کے مابین تصادم کے نتیجے میں خوا تین اور بچوں سمیت 14افراد زخمی ہو گئے-
وندر ریسکیو حکام نے زخمیوں کو فوری طورپر طبی امداد کے لئے مقامی ہسپتال منتقل کر دیا جہاں زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد مزید علاج کے لئے کراچی منتقل کردیا گیا ہے-
دوسرے واقعہ میں ضلع ڈیرہ اللہ یار میں ڈیرہ مراد جمالی سے جیکب آباد جانے والی کوچ کی موٹرسائیکل کو ٹکر جسکے باعث موٹرسائیکل سوار ثناء اللہ چکھڑا نامی نوجوان جاںبحق ہوگیا-
ژوب ڈیرہ اسماعیل خان قومی شاہراہ کپیپ کے قریب ٹوڈی گاڑی کی ٹکر سے موٹرسائیکل سواراحسان اللہ نامی شخص جاںبحق ہوگیا-
گاڑی سوار موقع سے فرار ہوگیا، انتظامیہ نے نعش سول ہسپتال ژوب منتقل کردیا ہے-
ایک اور واقعہ میں بیلہ گوٹھ ریک میں ٹرک کی ٹکر سے خضدار نال کا رہائشی موٹر سائیکل سوار عبدالستار ولد بھائی خان جان بازی ہارگیا-
دوسری جانب فائرنگ کے واقعات میں گزشتہ شب چاغی میں افغان مہاجر کیمپ گردی جنگل میں رات دو بجے کے قریب لال محمد نامی شخص کے گھر میں مسلح افراد نے گھس کر فائرنگ کردی-
فائرنگ سے لال محمد اور اسکی 6 سالہ بیٹی موقع پر ہی جاںبحق ہوگئے جبکہ ایک اور 14 سالہ بیٹی شدید زخمی ہوگئی-
دریں اثناء سبی کے علاقے گاوں مرغزانی کے جنگل میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے ولید نامی شخص کو قتل کردیا-