کیچ:ہوشاپ گھروں پر چھاپے اور لوگوں کو لاپتہ کرنے کی شدید مذمت کرتے ہیں-
بی این پی

310

بلوچستان نیشنل پارٹی ضلع کیچ کے ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ گزشتہ دنوں ضلع کیچ کے علاقے ہوشاپ میں سیکورٹی فورسز کی جانب سے گھروں پر چھاپے لوگوں کو بلاوجہ خوف و حراس میں مبتلا کرنے اور آٹھ افراد کو لاپتہ کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں-

انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں لوگ ریاستی اداروں سے محفوظ نہیں حکومت اور ملکی اداروں کا فرض ہے کہ وہ شہریوں کی حفاظت کریں ملک کے اندر ہر شہری کو آزاد حیثیت سے جینے کا حق دیں لیکن بدقسمتی سے آج دن تک بلوچستان میں لوگ ملٹری آپریشن سہہ رہے ہیں-

انہوں نے کہا کہ سی ٹی ڈی کے نام پر لاپتہ افراد کو جعلی مقابلوں میں شہید کرتے ہیں یا گھروں پر چھاپہ مار کر چادر اور چار دیواری کی پامالی کے بعد نوجوان، بچوں، بوڑھوں اور خواتین کو تک گرفتار کرکے لاپتہ کیا جاتا ہے جو انسان کے بنیادی حقوق اور مہذب معاشرے کی کھلی خلاف ورزی ہے لیکن یہ استحصالی پالیسی کا سلسلہ بلوچستان میں جاری وساری ہے۔

انہوں نے کہاکہ اربابِ اختیار سے اپیل کرتے ہیں کہ بلوچستان میں جاری ظلم و جبر اور غیر آئینی و غیر جمہوری اقدام کا نوٹس لیا جائے ایسے حرکات میں ہونے والے نقصان پورے ملک کو بھگتنے پڑیں گے۔