ڈیرہ بگٹی: سوئی کے مکین گیس سے محروم، فریاد کرتے نوجوان کی ویڈیو وائرل

756

بلوچستان کے ضلع ڈیرہ بگٹی کے علاقے سوئی کے ایک رہائشی کا ویڈیو گذشتہ روز سماجی رابطے کی ویب سائٹس پر وائرل ہوئی، ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک نوجوان ہاتھ میں کلہاڑی لیے لکڑیاں کاٹ رہا ہے۔

نوجوان کو یہ کہتا ہوا سنا جاسکتا ہے کہ اس سردی میں مجھے پسینے آرہے ہیں اور میں لکڑیاں کاٹ رہا ہوں، وہ کہتے ہیں کہ میرے گھر سے نکلنے والے قدرتی گیس سے میں محروم ہوں۔

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کئی کمسن بچے بھی ہاتھوں میں کلہاڑیاں  لے کر لکڑیاں چن رہے ہیں۔

ویڈیو میں ایک اور نوجوان کہتا ہے کہ گیس ہمارے علاقے سے نکلتا ہے، ہم گیس پلانٹس کے پاس رہتے ہوئے بھی محروم ہیں۔ ہمارے پاس کوئی سردار یا لیڈر نہیں جو بات کرے اور لوگ اندھے ہوچکے ہیں۔

اس ویڈیو کو کئی صارفین نے ٹوئٹر اور فیس بک پر اپلوڈ کرتے ہوئے اپنے خیالات کا اظہار بھی کیا ہے۔

پاکستان کے معروف صحافی حامد میر نے اس نوجوان کی وڈیو پر لکھا ہے کہ ‏یہ بلوچ نوجوان جو مانگ رہا ہے آئین کے مطابق مانگ رہا ہے ان بلوچوں کی آواز سنئے انکی آواز بننا پاکستان سے غداری نہیں پاکستان سے محبت ہے، اکبر بگٹی بے تحریک پاکستان میں قائداعظم کی مدد اسی لئے کی تھی کہ بلوچوں کو انکے حقوق مل جائیں لیکن افسوس کہ سوئی والوں کو سوئی میں گیس نہیں ملتی۔

ایک صارف ثنا جمالی لکھتے ہیں کہ ‏جس صوبے سے پورے ملک کو سوئی گیس سپلائی کی جاتی ہے اکیسویں صدی میں وہاں کی عوام پتھروں کے زمانے والی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں اور حکمرانوں کو کوئی خوفِ خدا نہیں۔

ایک صارف نے فیس بک پر نوجوان کی وڈیو شئیر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ‏گیس جو سوئی سے نکل رہا ہے۔ پنجاب کے گاؤں گاؤں تک گیس پہنچا لیکن بلوچ آج تک اس گیس سے محروم ہیں۔ اس نوجوان کی درد بھری باتیں سنیں ڈیرہ بگٹی کا بھی ذکر کریں تاکہ وہاں کے لوگوں کی بھی حوصلہ افزائی ہو۔

ڈیرہ بگٹی میں اس وقت چار گیس فیلڈز سوئی، پیر کوہ، لوٹی اور اُچ ہیں لیکن ان میں سب سے پرانی اور بڑی گیس فیلڈ ہے سوئی گیس فیلڈ، جو انیس سو باون میں دریافت ہوئی اور وہاں سے انیس سو پچپن میں گیس کی پیداوار شروع ہوئی۔

سوئی گیس سے وہاں کے مقامی لوگ ابتک محروم ہیں جبکہ یہ گیس پاکستان کے صوبہ پنجاب اور کئی علاقوں تک پہنچ چکا ہے۔

سوئی گیس فیلڈ پاکستان پیٹرولیم لمیٹیڈ (پی پی ایل) نامی کمپنی چلاتی ہے، جس کا ہیڈ کوارٹر کراچی میں ہے۔ سوئی گیس فیلڈ سے گیس کی یومیہ پیداوار تقریباً چھ سو ساٹھ ملین کیوبک فٹ ہے اور وہاں اب بھی ایک اندازے کے مطابق دو ٹریلین کیوبک فٹ گیس کے ذخائر موجود ہیں۔