پنجگور اور کیچ سے پاکستانی فورسز کے ہاتھوں پانچ افراد حراست بعد لاپتہ

337

بلوچستان کے ضلع پنجگور اور کیچ سے پاکستانی فورسز نے پانچ افراد کو حراست میں لینے کے بعد نامعلوم مقام منتقل کردیا ہے۔

کیچ کے علاقے تمپ کوہاڑ سے لاپتہ ہونے والوں کی شناخت عمر ولد نبی بخش اور تنویر ولد نذیر کے ناموں سے ہوئی ہے۔

ذرئع کے مطابق مذکورہ افراد کو فورسز نے رات گئے گھر پر چھاپہ مارکر حراست میں لے کر نامعلوم مقام منتقل کردیا ہے۔

دوسری جانب ضلع پنجگور سے اطلاعات ہیں کہ فورسز نے گذشتہ روز پنجگور کے علاقے وشبود سے تین افراد کو حراست میں لے کر لاپتہ کیا ہے۔

لاپتہ ہونے والوں میں ایک کی شناخت ریاض کے نام سے ہوئی جس کے بارے میں بتایا جارہا ہے وہ سترہ سال کا کمسن بچہ ہے۔ جبکہ دیگر دو کی شناخت تاحال ممکن نہیں ہوسکی ہے۔

خیال رہے بلوچستان کے مختلف علاقوں سے چوبیس گھنٹے کے دورانیہ میں پندرہ افراد کو فورسز نے حراست میں لے کر لاپتہ کیا ہے۔ جن میں دو افراد کو فورسز نے ڈیرہ بگٹی، تین افراد کو ضلع کیچ اور ایک شخص کو کوئٹہ سے حراست میں لے کر لاپتہ کیا گیا۔

ضلع کیچ کے مرکزی شہر تربت سے بھی تین نوجوانوں کے بھی فورسز کے ہاتھوں جبری گمشدگی کی اطلاعات ہیں جنہیں فورسز نے پبلک لائبریری سے حراست میں لینے کے بعد لاپتہ کیا ہے تاہم ان کے حوالے سے مزید تفصیلات آنا باقی ہے۔