وہ اکیلے گیت کی طرح گونج رہا ہے ۔ محمد خان داؤد

333

وہ اکیلے گیت کی طرح گونج رہا ہے

تحریر: محمد خان داؤد

دی بلوچستان پوسٹ

کافکا نے کہا ہے ”بس زخموں سے جانا جا سکتا ہے کہ درد کیا ہے“
غربت کا زخم، بے حسی کا زخم، لاچاری کا زخم،تذلیل کا زخم،اپنی ہی دھرتی پہ بے یارو مدگاری کازخم،بے بسی کا زخم،بے عزتی کا زخم،بہت کچھ کرنے کو دل کرے پر کچھ بھی نہ کیا جائے بے حسی کے ماتم کا زخم،اپنی ہی دھرتی پر روز یہ باور کرانا کہ میں اسی دھرتی سے ہوں!شناخت کا زخم،تلاشی کے بہانے کئی کئی گھنٹے چیک پوسٹوں پر اذیت سہنے کا زخم،بس وجود ہی نہیں پر جب روح بھی زخمی ہو جائے جب کان ایسی آوازیں سنیں کہ”رُکو کہاں جا رہے ہو!“ اور دھرتی پیروں سے کھسکتی محسوس ہو توکان کیا پر روح بھی درد سے بھر جاتا ہے۔بھوکے پیٹوں کا زخم،بیمار تڑپتے وجودو ں کا زخم،اپنے ہی پانیوں کی گہرائیوں میں نہ اترنے کا زخم،جب سمندر کے بیٹوں کو نیلگوں پانی اپنی اور بُلاتا ہو اور پانی اور اس کے درمیان آہینی دروازے آویزہ ہوں اور بندوق بردار اسے یہ کہہ کر نیلے پانیوں میں اترنے نہ دے کہ
”یہ سیکورٹی رسک ہے!“تو درد سے بھر جاتا ہے۔

ہم نے بس پیٹ بھر کر کھایا ہے،ہم بھوکے پیٹوں کے دردوں سے آشنا نہیں
ہم نے ہر بار پہلے ہی ہر مرض کی تشخیص کر کے احتیاطی تدابیر کر لیں ہیں ہم جان لیوا مرضوں سے آشنا نہیں
ہم نے تیز گاڑیوں کے سیاہ شیشوں سے بس تھوڑا سا باہر جھانکتے سیلوٹ کرتے ہاتھوں کو دیکھا ہے
ہم ان ہاتھوں کو کیسے جان سکتے ہیں کہ وہ ہاتھ گریبان تک بھی پہنچتے ہیں،عزتوں تک بھی،سروں سے گرتے دوپٹوں تک بھی،دستاروں تک بھی اور ہم ان ہاتھوں سے آشنا نہیں جو تذلیل کرتے ہیں!
ہم بس اس بات سے با خبر ہیں کہ ہماری جیبوں میں قومی شاختی کارڈ موجود ہیں ہم معزز شہری ہیں
پر ہم اس درد سے کیسے آشنا ہو سکتے ہیں جو ہر بار جیب میں جائے اور قومی شناختی کارڈ ہاتھوں میں تھامے ان ان پڑھ سیکورٹی کے اہلکاروں کو یہ باور کرانے کی کوشش کرے کہ یہ دھرتی اس کی ہے۔
ہم بس سمندروں کے پرُ عیش کناروں کے ساحلوں سے واقف ہیں جہاں اپنی محبوباؤں کے کمروں کو تھامیں چلتے ہیں ان کے بوسے لیتے ہیں ان کے پستان چومتے ہیں اور آتی جا تی لہروں سے مزہ لیتے ہیں
ہم ساحلوں،سمندوں،نیلگوں پانیوں اور کناروں کے درد سے واقف نہیں۔
ہم نہیں جانتے جب کوئی سمندر کا بیٹا نیلگیں پانیوں میں نہ اتر پائے تو وہ کس درد میں مبتلا ہوتا ہے
ہم نہیں جانتے جب کہ ساحلی پرندہ نیلے پانیوں سے اُڑ کر کچے گھر پر بیٹھتا ہے تو اپنی بولی میں کیا کیا فریادیں کرتا ہے
ہم نہیں جانتے کہ ساحل اور کنارے کا آپس میں کیا رشتہ ہے؟
ہم نہیں جانتے کہ ساحلی فرزندوں اور گہرے پانیوں کا آپس میں کیا تعلق ہے؟
ہم نہیں جانتے کہ جب کسی ساحلی فرزند کے آخری لائف لائین پر بھی بندوق بردار پہرے دار بیٹھ جائیں تو وہ درد کی کس کیفیت میں ہوتا ہے؟
اور ہم اس درد سے بھی آشنا نہیں کہ ”آنکھوؤں کے پانیوں میں کشتیاں نہیں اترتیں!“
ہم تو بس با مزہ لو گ ہیں کھا تے ہیں پیتے ہیں اور سوتے ہیں
ہم بے مزہ لوگوں کی کیفیت سے آشنا نہیں اور ہم یہ بھی نہیں جانتے کہ بھوک کا درد کیا ہے؟پیاس کا درد کیا ہے اور رت جگے کی تکلیف کیا ہے؟
اس لیے ہم کسی بھی درد سے آشنا نہیں
درد سے آشنا ہونے کے لیے کافکا کی یہ بات سمجھنا بے حد ضروری ہے کہ
”بس زخموں سے جانا جا سکتا ہے کہ درد کیا ہے!“
وہ جو پچیس روز سے گوادر کے ساحل پر پانیوں جیسے لوگوں سے ہم کلام ہے وہ بس یہی کہہ رہا ہے کہ
”یا تو ہر درد کو معنیٰ ہے
یا تو کسی بھی درد کو کوئی معنیٰ نہیں!“
وہ گوادر کے لوگوں کو یہ باور کرانے میں کامیاب گیا ہے کہ
”ہر درد کو معنیٰ ہے!“
اگر گوادر کے لوگ درد سے آشنا نہ ہو تے تو اپنے گھروں سے باہر ہی کیو آتے؟
گوادر کے لوگ درد سے آشنا ہیں اور آج گوادر نیلگوں پانیوں سے نکل کر سُرخ سُرخ ہو گیا ہے
سورج کی مانند سُرخ!
گندم کے خوشوں کی ماند سُرخ!
گلاب کے پھولوں کی ماند سرُخ
سربلند کے ریزہ ریزہ ہو تے جسم کی ماند سُرخ
آج بس گوادر میں ساحل،کنارہ اور پانی نہیں
پر آج گوادر میں سُرخ سورج،سُرخ لوگ،اور سر بلند کا سُرخ وجود بھی ہے
آج بس گوادر میں ساحل کے نمکین پانی کی نمکین بوُ نہیں
پر آج گوادر کے کنارے پر سر بلند کے مہکتے وجود کی خوشبو بھی ہے
جس کے لیے ایاز نے لکھا تھا کہ
”کوئی کئین نہ ڈوڑے مقتل ڈے
ٓآھے رت میں خوشبو مہندی جی!“
کوئی کیوں نہ جائے مقتل کو،ہے لہو میں خوشبو مہندی ہے!
آج گوادر شہیدوں کی ماند سر بلند ہے!
آج گوادر سُرخ سُرخ ہے
آج گوادر سُرخ رو ہے
آج گوادر سُرخ رنگ میں رنگ گیا ہے
سُرخ رنگ!
خوشی کا
بغاوت کا
اور جوانی کا
گوادر!خوشی،بغاوت اور جوانی کے رنگ میں رنگ گیا ہے!
اور مولانا بغیر کسی مصلیحت کے سُرخ رنگ میں رنگا جا چکا ہے
وہ اکیلے گیت کی ماند گونج رہا ہے
میٹھا میٹھا
دھیما دھیما
اور اس کی آنکھوں سے دو قطرے ٹپک رہے ہیں
”دو آنکھوں سے
آنسو کے دو قطرے
شاعر کے رخسار پر ڈھلکے
اک قطرے میں غصے کی بوُ
اک قطرے میں پیار کی خوشبو
اک قطرہ غم کا مظہر
اک میں خوشی کا پیکر
آنسو کے دو قطرے
چھوٹے قطرے
جیسے دو بلور کے منکے
دو قطرے معمولی قطرے
تنہا تنہا بہتے جائیں
بے کس،بے بس قطرے کہلائیں
لیکن جب یہ مل جائیں
چمکیں جیسے بجلی چمکے
برسیں،جیسے پانی برسے“


دی بلوچستان پوسٹ: اس تحریر میں پیش کیئے گئے خیالات اور آراء لکھاری کے ذاتی ہیں، ضروری نہیں ان سے دی بلوچستان پوسٹ میڈیا نیٹورک متفق ہے یا یہ خیالات ادارے کے پالیسیوں کا اظہار ہیں