خاران: کمسن کفایت اللہ کی عدم بازیابی کے خلاف احتجاجی ریلی

252

بلوچستان کے ضلع خاران کے رہائشی کمسن کفایت اللہ بلوچ کی عدم بازیابی کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی گئی –

25جولائی 2018 کو جنرل الیکشن کے دوران خاران اولنگی پولنگ اسٹیشن سے بااثر افراد کے ہاتھوں اغواء ہونے والے کفایت اللہ بلوچ کی عدم بازیابی کے تین روزہ احتجاجی کمیپ کے بعد شہر میں ایک ریلی نکالی گئی –

ریلی میں مختلف سیاسی، مذہبی جماعتوں، سول سوسائٹی، خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد شریک تھی –

ہاتھوں میں پلے کارڈز، بینرز اور کفایت اللہ کی تصویریں اٹھائے ہوئے شرکاء نے کفایت اللہ کی بازیابی کا مطالبہ کیا –

اس موقع پر مقررین نے کہا کہ بدقسمتی سے تین سالوں سے ایک گیارہ سال بچہ جبری گمشدگی کا شکار ہے اور ادارے خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں –

انہوں نے کہا کہ ایک گیارہ سالہ بچے کو لاپتہ کرنا بدترین انسانی تذلیل ہے- ایک بچے کو کس سے کیا دشمنی ہوسکتی ہے –

انہوں نے کہا کہ کفایت اللہُ کو بااثر سرکاری حمایت یافتہ افراد نے اس لیے اغواء کیا ہے کہ انکے فیملی نے مذکورہ شخص کو ووٹ نہیں دیا ہے –

انہوں نے کہا کہ اعلیٰ حکومتی ادارے، سپریم کورٹ واقعہ پر عملدرآمد کرتے ہوئے کفایت اللہ کو بازیاب کریں –

انہوں نے کہا کہ اگر کفایت اللہ کو بازیاب نہیں کیا گیا تو احتجاج کا دائرہ وسیع کرینگے –

اس موقع پر لواحقین نے کہا کہ انسان دوست ہمارے ساتھ آواز اٹھائیں اور گیارہ سال بچے کی بازیابی کے لئے اپنا کردار ادا کریں –

لواحقین نے کہا کہ ہمارے بچے کی بازیابی کے لیے اعلیٰ عدلیہ نوٹس لے –