بھارتی ٹیم کے سابق کپتان اور کرکٹ بورڈ کے صدر سارو گنگولی کورونا وائرس کا شکار ہو گئے ہیں۔

279

کولکتہ کے وُڈ لینڈز ہسپتال کے سینئر ڈاکٹر نے تصدیق کی کہ بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا(بی سی سی آئی) کے صدر کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد انہیں پیر کو ہسپتال میں داخل کیا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ گنگولی کو ہلکا بخار تھا تاہم اب ان کی حالت بہتر ہے اور اس وقت گھبرانے والی کوئی بات نہیں۔دل کے عارضے کا شکار سابق بھارتی کپتان کو ڈاکٹرز نے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا ہے۔

گنگولی کے نمونے جینوم سیکوئنسنگ کے لیے بھیجے گئے تاکہ یہ پتہ لگایا جا سکے کہ وہ کورونا وائرس کی نئی قسم اومیکرون کا شکار ہوئے ہیں یا نہیں۔

یاد رہے کہ رواں سال جنوری میں گنگولی کی دل کی سرجری ہوئی تھی اور سال کے اختتام سے قبل انہیں ایک مرتبہ پھر ہسپتال میں داخل کرنا پڑا گیا ہے۔