ہرناز سندھو نے 21 سال بعد مس یونیورس کا تاج انڈیا کو پھر پہنادیا۔ انڈیاسے تعلق رکھنے والی ماڈل ہرناز سندھو مس یونیورس منتخب ہو گئی ہیں۔
اخبار انڈیا ٹو ڈے کے مطابق یہ ملک کے لیے ایک بڑا دن ہے کہ پنجاب سے تعلق رکھنے والی 21 سالہ ہرناز سندھو نے 70 ویں مس یونیورس ایونٹ کے موقع پر انڈیا کی نمائندگی کی۔
انڈیا کو مس یونیورس کا ٹائٹل 21 سال بعد ملا ہے، سنہ 2000 میں یہ اعزاز لارا دتہ کو حاصل ہوا تھا۔
اسرائیل کے شہر ایلٹ میں منعقد ہونے والے مقابلے میں ہرناز سندھو نے پیراگوئے اور جنوبی افریقہ سے تعلق رکھنے والی حسیناؤں کو پچھاڑا۔
2020 کی مس یوینورس اینڈریا میزا کا تعلق میکسیکو سے تھا۔
تقریب میں ونر کا اعلان ہونے کے چند لمحے بعد ہرناز سندھو کو مس یونیورس کا خصوصی تاج پہنایا گیا۔
یہ مقابلہ دنیا بھر میں بعض چینلز پر براہ راست نشر کیا گیا۔
ہرناز سندھو کے مقابلے میں پیراگوئے اور جنوبی افریقہ کی نمائندہ خواتین فرسٹ اور سیکنڈ رنر اپ رہیں۔
تیسرے راؤنڈ میں تینوں امیدوار خواتین سے یہ سوال پوچھا گیا ’دیکھنے والی خواتین کو کیا مشورہ دیں گی کہ وہ انہیں آج کل جس قسم کے دباؤ کا سامنا ہے، اس کا مقابلہ کیسے کریں؟‘
اس کے جواب میں ہرناز سندھو کا کہنا تھا کہ ’اس وقت نوجوان نسل پر سب سے بڑا پریشر خود اپنے آپ کو اعتماد کے حوالے سے ہے، یہ جانیں کہ آپ کس قدر منفرد ہیں اور آپ کو کیا چیز خوبصورت بنا سکتی ہے۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’دوسروں کے ساتھ اپنا موازنہ کرنا بند کر دیں اور ان امور پر بات کریں جو اس وقت دنیا میں ہو رہی ہیں۔ میرے خیال میں آپ کو یہ سمجھنے کی ضرورت ہے۔‘
انہوں نے بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ ’خدشات سے باہر نکلیں، اپنے لیے بولیں کیونکہ آپ ہی اپنے زندگی کے رہنما ہیں۔ آپ اپنی زندگی کی خود ہی آواز ہیں۔‘
ہرناز سندھو کے مطابق ’میں نے اپنے آپ پر اعتماد رکھا، یہی وجہ ہے کہ آج میں یہاں کھڑی ہیں۔‘
The new Miss Universe is…India!!!! #MISSUNIVERSE pic.twitter.com/DTiOKzTHl4
— Miss Universe (@MissUniverse) December 13, 2021