کیچ: فورسز کے ہاتھوں مزید ایک شخص حراست بعد لاپتہ

279

بلوچستان کے ضلع کیچ سے پاکستانی فورسز نے ایک شخص کو حراست میں لینے کے بعد لاپتہ کردیا ہے۔

حراست بعد لاپتہ ہونے والے شخص کی شناخت پنڈل ولد دلمراد سکنہ تربت آسکانی بازار کے نام سے ہوئی ہے۔

ذرائع کے مطابق پنڈل ماضی میں شاپکول میں رہائش پزیر تھا تاہم فوجی آپریشن اور دیگر وجوہات کی بناء پر شاپکول سے ہجرت کرکے اس وقت تربت آسکانی بازار میں رہائش پزیر ہیں اور انہیں فورسز نے 18 نومبر 2021 کو اس وقت ان کے رشتہ داروں کے گھر سے حراست میں لےکر لاپتہ کیا جب وہ اپنے آبائی علاقے میں رشتہ داروں سے ملنے گئے تھے۔

خیال رہے کہ حالیہ کچھ دنوں کے اندر فورسز نے مذکورہ علاقے سے خواتین اور بچوں سمیت درجن سے زیادہ افراد کو حراست میں لے کر لاپتہ کیا ہے۔

گذشتہ روز دو خواتین کو حراست میں لے کر لاپتہ کردیا ہے لاپتہ ہونے والے خواتین کی شناخت برپی اور نیال کے ناموں سے ہوئی ہے جنہیں فورسز نے کولواہ کے علاقے شاپکول سے حراست میں لیا ہے۔

اس سے قبل گذشتہ دنوں پاکستانی فورسز نے کولواہ سے تین کمسن بچوں سمیت متعدد افراد کو حراست میں لیکر نامعلوم مقام منتقل کردیا حراست بعد لاپتہ بچوں کی شناخت سات سالہ یارو ولد لال بخش، نو سالہ شوکت ولد لال بخش اور بارہ سالہ لال بخش ولد بابل کے ناموں سے ہوئی ہے۔