حکومتِ پاکستان اور ٹی ٹی پی کے درمیان مزاکرات، جنگ بندی پر اتفاق

363
فائل فوٹو

پاکستان کے وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) سے مذاکرات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ”ایک معاہدے کے تحت حکومتِ پاکستان اور ٹی ٹی پی مکمل جنگ بندی پر آمادہ ہو چکے ہیں۔”

ملک کی قومی سلامتی کمیٹی کے پیر کو ہونے والے اجلاس کے بعد ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ٹی ٹی پی سے بات چیت آئینِ پاکستان کے تحت ہو رہی ہے جس میں متاثرہ علاقوں کے افراد کو نظر انداز نہیں کیا جائے گا اور انہیں مکمل اعتماد میں بھی لیا جا رہا ہے۔

ان کے بقول ”مذاکرات میں ریاست کی حاکمیت، ملکی سلامتی، متعلقہ علاقوں کے امن، معاشرتی اور اقتصادی استحکام کو ملحوظِ خاطر رکھا جائے گا۔”

پاکستان کے وزیرِ اعظم عمران خان نے گزشتہ ماہ ایک ٹی وی انٹرویو میں ٹی ٹی پی سے مذاکرات کا تذکرہ کیا تھا جس میں انہوں نے واضح کیا تھا کہ افغانستان میں موجود کالعدم تنظیموں بشمول ٹی ٹی پی کے ساتھ حکومت کے مذاکرات ہو رہے ہیں اور افغان طالبان اس میں سہولت کار کا کردار ادا کر رہے ہیں۔

حکومت اور ٹی ٹی پی کے درمیان مذاکرات ایسے وقت میں ہو رہے ہیں جب سابق قبائلی علاقوں میں کالعدم تنظیم کی کارروائیوں میں تیزی آئی ہے۔ گزشتہ تین ماہ میں ٹی ٹی پی نے تقریباً 100 سے زائد کارروائیوں کی ذمہ داری قبول کی ہے۔

فواد چوہدری کا مزید کہنا تھا کہ یہ بات خوش آئند ہے کہ پاکستان کے یہ علاقے ایک طویل عرصے کے بعد مکمل امن کی طرف لوٹ رہے ہیں۔

تحریک طالبان پاکستان کے ترجمان نے بھی حکومت کے ساتھ ایک ماہ کی جنگ بندی پر اتفاق کی تصدیق کی ہے۔ ان کے بقول مذاکرات جنگ کا حصہ ہیں اور دنیا کی کوئی طاقت اس کا انکار نہیں کرسکتی، لہٰذا ٹی ٹی پی ایسے مذاکرات کے لیے تیار ہے۔

ٹی ٹی پی کے ترجمان محمد خراسانی نے ایک بیان میں کہا کہ ”یہ ضروری ہے کہ دونوں فریقین جنگ بندی پر عمل کریں”۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ مذاکراتی عمل میں افغان طالبان ثالث کا کردار ادا کر رہے ہیں۔

بیان کے مطابق فریقین کی طرف سے ایک ماہ یعنی 9 نومبر سے 9 دسمبر تک جنگ بندی ہو گی جس میں فریقین کی رضامندی سے مزید توسیع بھی کی جائے گی۔

ترجمان کے مطابق فریقین نے مذاکراتی کمیٹیوں کے قیام پر اتفاق کیا ہے۔ یہ کمیٹیاں آئندہ کے لائحہ عمل اور فریقین کے مطالبات پر مذاکراتی عمل کو آگے بڑھانے کی کوشش کریں گی۔