بیلہ: مسافر کوچ کھائی میں جاگری، 3 افراد ہلاک

397

بیلہ میں کوچ کھائی میں جا گری، تین افراد ہلاک اور دس زخمی ہوگئے۔ ریسکیو اہلکاروں نے زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا، شدید زخمی کراچی ریفر

بلوچستان کے علاقے بیلہ کے قریب آر سی ڈی شاہراہ پر مسافر کوچ پل سے ٹکرا کر کھائی میں جا گری جس کے نتیجے میں تین افراد ہلاک اور دس زخمی ہوگئے۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق کراڑو کے مقام پر مسافر کوچ کوئٹہ سے کراچی جارہی تھی کہ تیز رفتاری کے باعث پل سے ٹکرا کر کھائی میں جاگری، حادثے کے نتیجے میں 3 افراد موقع پر ہلاک جبکہ خواتین اور بچوں سمیت دس افراد زخمی ہو گئے ہیں۔

اطلاع پاتے ہی ریسکیو اداروں کے رضا کاروں نے موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائیوں کا آغاز کیا اور زخمیوں کو ہسپتال پہنچایا جب کہ شدید زخمیوں کو کراچی ریفر کر دیا گیا۔

ایک اور حادثہ سبی میں پیش آیا جہاں مرکزی شاہراہ پر بختیار آباد کے مقام پر موٹر سائیکل اور آلٹو کار میں تصادم کے نتیجے میں موٹر سائیکل سوار تین افراد زخمی ہوگئے، زخمیوں میں خاتون اور بچہ بھی شامل ہیں، جس میں خاتون شدید زخمی ہوئی ہے۔

ریسکیو ایمرجنسی ٹیم بختیار آباد نے بروقت زخمیوں کو ریسکیو کرلیا۔ زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد ڈویژنل ہیڈ کوارٹر ہسپتال سبی منتقل کردیا گیا۔

حادثے کا شکار ہونے والی موٹر سائیکل سکھر سندھ سے سبی جبکہ آلٹو کار سبی سے ڈیرہ مراد جارہی تھی۔