احمد نورانی کی اہلیہ پر حملہ آزادی صحافت پر بدترین حملہ ہے – بلوچستان یونین آف جرنلسٹس

152

بلوچستان یونین آف جرنلسٹس نے سنئیر صحافی احمد نورانی کی اہلیہ صحافی عنبرین فاطمہ پر لاہور میں حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے آزادی صحافت پر بدترین حملہ قرار دیا ہے۔

بی یو جے کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ خاتون صحافی کی گاڑی پر حملہ، ڈنڈوں سے گاڑی کے شیشے توڑنا اور صحافی کو سنگین نتائج کی دھمکیاں دینا انتہائی بزدلانہ فعل اور اخلاقیات سے گری ہوئی حرکت ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ نامعلوم قوتیں اب خواتین پر حملوں اور انہیں ہراساں کرنے جیسی بزدلانہ کارروائیوں پر اتر آئی ہیں، پاکستان بھر کے صحافی سنئیر صحافی احمد نورانی اور ان کی اہلیہ خاتون صحافی عنبرین فاطمہ کے ساتھ بشانہ ہیں اس قسم کی بزدلانہ کاروائیاں اور حملے صحافیوں کو آزادی صحافت کیلئے جاری جدو جہد سے نہیں روک سکتے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ خواتین کو پاکستانی معاشرے میں انتہائی قابل قدر مقام حاصل ہے مگر افسوس ہے کہ بزدل قوتیں اب خواتین پر حملوں سے بھی گریز نہیں کرتی۔

بلوچستان یونین آف جرنلسٹس نے پنجاب حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ خاتون صحافی عنبرین فاطمہ پر حملے میں ملوث عناصر کو جلد ازجلد گرفتار کرکے قرار واقع سزا دے، بی یو جے خاتون صحافی پر حملے کے خلاف ملک کی دیگر صحافتی تنظیموں کے ساتھ ملکر احتجاج کریگی۔