کراچی میں دھماکہ، 4 افراد ہلاک

314

کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد میں سی این جی اسٹیشن پر دھماکے کے نتیجے میں چار افراد ہلاک جبکہ چھ زخمی ہوگئے ہیں۔

کراچی کے علاقے ناظم آباد میں واقع میٹرک بورڈ آفس کے قریب سی این جی پمپ پر زور دار دھماکا ہوا، جس کی شدت سے اطراف میں بھی نقصان پہنچا۔

واقعے کے فوری بعد رینجرز اور پولیس کی بھاری نفری نے جائے وقوعہ پہنچ کر مقام کو سیل کیا اور ریسکیو رضاکاروں کی مدد سے زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکے کی نوعیت سے متعلق کہنا قبل از وقت ہے، بم ڈسپوزل اسکواڈ کو طلب کرلیا گیا ہے۔

ایس ایس پی سینٹرل ملک مرتضیٰ کا کہنا ہے کہ دھماکا سی این جی پمپ کے الیکٹرک روم میں ہوا، ابتدائی طور پر دھماکا تخریب کاری نہیں لگتا، دھماکے میں 4 افراد ہلاک اور 6 زخمی ہوئے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ جس کمرے میں دھماکا ہوا اس میں کوئی سلینڈر نصب نہیں، لگتا ہے دھماکا گیس بھرجانے سے ہوا، بم ڈسپوزل اسکواڈ کی رپورٹ کا انتظار ہے۔

انہوں نے واقعے میں تخریب کاری کے امکان کو مسترد کردیا اور کہا کہ مذکورہ واقعہ ایک حادثہ معلوم ہوتا ہے۔

ہلاک اور زخمی ہونے والوں کو عباسی شہید اسپتال منتقل کرنے والے ایدھی کے ترجمان نے بتایا کہ واقعے میں مرنے والے چاروں مرد تھے۔