وی بی ایم پی کا شبیر کی بازیابی کے لئے احتجاج کی حمایت

183

لاپتہ بلوچوں کی بازیابی کے لئے کوشاں تنظیم وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز نے لاپتہ شبیر بلوچ کی بازیابی کے لئے احتجاج کی حمایت کردی ہے۔

انہوں نے اپنے بیان میں کہا یے کہ لاپتہ طالب علم شبیر بلوچ کی گمشدگی کو پانچ سال مکمل ہونے پر وائس فار بلوچ مِسنگ پرسنز کی جانب سے احتجاج کی حمایت کا اعلان اور شرکت کی اپیل کی جاتی ہے ۔

وائس فار بلوچ مِسنگ پرسن کے ترجمان نے ایک پریس ریلیز میں عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ چار اکتوبر دوہزار سولہ کو کیچ سے جبری گمشدگی کا شکار طالب علم شبیر بلوچ کی گمشدگی کو پانچ سال مکمل ہونے پر لواحقین کی جانب سے احتجاج میں عوام بھرپور شرکت کریں۔

ترجمان نے مزید کہا اسلام آباد میں وزیر اعظم پاکستان جناب عمران خان نے شبیر بلوچ کی ہمشیرہ سیما بلوچ کو یقین دہانی کرائی تھی انکے بھائی سمیت دیگر لاپتہ افراد کو جلد از جلد بازیاب کرایا جائے گا مگر جناب عمران خان نے عملا ایسا کوئی اقدام نہیں اٹھایا جس سے لاپتہ افراد بازیاب ہوتے اور لواحقین کو اس اذیت سے نجات ملتی۔

وائس فار بلوچ مِسنگ پرسنز کے ترجمان نے مزید کہا کہ لاپتہ افراد کا مسئلہ اپنی نوعیت کا ایک سنگین مسئلہ ہے اور یہ ایک بحران کی شکل اختیار کرتا جارہا ہے ریاستی اداروں کو چاہیے کہ سنجیدگی کا مظاہرہ کرکے لاپتہ افراد کو منظر عام پر لائیں۔

خیال رہے کہ شبیر بلوچ کو پانچ سال قبل کیچ کے علاقے گورکوپ سے پاکستانی فورسز نے اسکی اہلیہ کے سامنے حراست میں لینے کے بعد لاپتہ کردیا تھا جو تاحال لاپتہ ہیں۔

شبیر بلوچ کو جس وقت لاپتہ کیا گیا اس وقت وہ بی ایس او آزاد کے انفارمیشن سیکرٹری تھے۔ اور اس کی بازیابی کے لئے اس دن سے لے کر آج اسکی اہلیہ و بہن سراپااحتجاج ہیں۔