بلوچستان کے ضلع سوراب میں کاروکاری کے الزام میں لوگوں نے خاتون سمیت دو افراد کو قتل کردیا۔
واقعہ سوراب کے علاقے گدر میں پیش آیا جہاں لوگوں نے کاروکاری کے الزام میں مسلم ولد عبدالخالق کو تشدد کا نشانہ بناکر ہلاک کردیا جبکہ مسماة (ر) کو گولی مارکر قتل کردیا گیا۔
تاہم اس حوالے سے انتظامیہ کا موقف تاحال سامنے نہیں آیا ہے۔
ایک رپورٹ کے مطابق بلوچستان میں 6 ماہ کے دوران 27 خواتین غیرت کے نام پر قتل کردی گئی ہیں۔
سال 2018 کے دوران خواتین پر تشدد کے 145 واقعات میں 56 خواتین اور 25 مرد قتل ہوئے جن میں 35 خواتین اور 19 افراد کو غیرت کے نام پر قتل ہوئے۔
بلوچستان میں سال 2019 کے دوران خواتین پر تشدد کے 118 واقعات میں 69 خواتین اور 11 مرد قتل ہوئے ہیں ان کیسز میں سب سے زیادہ 43 خواتین اور 9 مرد غیرت کے نام پر قتل کئے گئے ہیں۔
سال 2020 کے دوران خواتین پر تشدد کے مجموعی طور پر 47 واقعات رپورٹ ہوئے جبکہ ان واقعات میں 16 خواتین اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھیں اور 7 کو ریپ کا نشانہ بنایا ۔ماہر نفسیات کا ماننا ہے کہ گھریلو تشددکے وجوہات میں معاشی، معاشرتی اور نفسیاتی مسائل کارفرما ہیں۔
وومن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کی ششماہی رپورٹ کے مطابق جنوری 2021 سے لیکر جون 2021 تک گھریلو تشدد کے کل 63 کیسز درج ہوئے ہیں۔ جس میں 19معاشی معاملات، 9 کیسز کو قانونی معاونت 10 کیسز میں کونسلنگ فراہم کی گئی۔
جسمانی تشدد سے متعلق 10 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس میں 2 کوقانونی معاونت 5 کو کونسلنگ جبکہ ایک خاتون کوشلٹرہوم بھیجا گیا۔اس کے علاو ذہنی ٹارچر کے 4 کیسز رپورٹ ہوئے جن میں سے 2کیسز میں قانونی معاونت جبکہ 2کو کونسلنگ فراہم کی گئی ہے۔
اسی طرح 3 کیسز زبردستی شادی سے متعلق درج ہوئے ہیں جن میں سے ایک کوقانونی معاونت جبکہ دوسرے کی کونسلنگ کی گئی ہے۔ ایک کیس جو کم عمری میں شادی سے متعلق درج کیا گیا تھا، کو قانونی معاونت فراہم کی گئی ہے۔
اسی طرح 9 کیسز ازدواجی حقوق، بچوں کی تحویل، جہیز سے متعلق تھے جن میں تمام کیسز میں قانونی معاونت فراہم کی گئی۔ 9 کیسز جانشینی سرٹیفکیٹ، 5 پروٹیکشن بیل اور 4کیسز پراپرٹی سے متعلق تھے۔