تربت: بریسٹ کینسر سے متعلق آگاہی واک کا انعقاد

156

آج بروز بدھ سول اسپتال تربت میں سینے کے سرطان کے حوالے سے ایک واک کا انعقاد کیا گیا۔

ایم ایس ڈاکٹر لال جان، گائنی ڈپارٹمنٹ کے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر روبینہ اور ڈاکٹر امتیاز کی سربرائی میں مختلف شعبوں سے وابستہ ڈاکٹروں نے واک میں شرکت کی۔

واک ایڈمن بلاک سے ہوتے ہوئے شعبہ حادثات تک اختتام پزیر ہوا۔

واک سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر روبینہ بلوچ نے کہا کہ بریسٹ کینسر سے متعلق آگہی کی کمی ہمارے معاشرے میں خواتین کی جانوں کے ضیاع کا سبب بن رہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بریسٹ کینسر سے متعلق مسائل کو حل کرنے کے لیے یہ ضروری ہے کہ اس بیماری کے بارے میں کھل کر بات کی جائے اور ان کے تدارک کے لیے جامع اقدامات کئے جائیں۔

ایم ایس تربت سول اسپتال ڈاکٹر لال جان بلوچ نے کہا کہ اس واک کا مقصد لوگوں میں بریسٹ کینسر کے باقاعدہ معائنے، جلد تشخیص اور بروقت علاج کی اہمیت کو اجاگر کرنا اور لوگوں کو بالخصوص خواتین کو آگاہی دینا تھا۔

نوجوان لڑکیوں، خواتین، ڈاکٹرز، اور اسپتال کے عملے کے کثیر تعداد نے اس واک میں حصہ لیا۔

واک کے شرکاء نے پلے کارڈز اور پوسٹرز اٹھا رکھے تھے جن میں بریسٹ کینسر کے مریضوں کو اس بیماری کا مقابلہ کرنے کی تلقین کی گئی تھی۔