بلوچستان: فائرنگ اور ٹریفک حادثات میں چار افراد ہلاک، پانچ زخمی

276

بلوچستان کے مختلف اضلاع میں پیش آنے والے حادثات و واقعات میں مجموعی طور چار افراد ہلاک جبکہ مزید پانچ افراد زخمی ہوئے ہیں-

بلوچستان کے علاقے دشت بشام باغ کے قریب گاڑی اور موٹر سائیکل میں تصادم کے نتیجے میں موٹر سائیکل سوار دو افراد اللہ بخش ولد غلام اور راشد نامی شخص موقع پر ہلاک ہوگئے –

تحصیلدار دشت کھڈان امین سلطان نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر نعشوں کو ٹیچنگ ہسپتال تربت منتقل کر دیا۔

دوسرا ٹریفک حادثہ سبی کے علاقے بختیار آباد میں پیش آیا جہاں غلام قادر نامی شخص ہلاک جبکہ اس کا ساتھی زخمی ہوا ہے –

پیر غائب کراس کے مقام پر ٹریفک حادثے میں تین افراد زخمی ہوئے ہیں –

دریں اثناء دارالحکومت کوئٹہ میں فائرنگ کے دو مختلف واقعات میں ہزارہ کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے صحراب نامی شخص قتل جبکہ ورکشاپ پر مسلح افراد کے فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوگیا۔

فائرنگ کے واقعات میں ہلاک و زخمی افراد کو سول اسپتال کوئٹہ منتقل کردیا گیا ہے –