ہوشاپ واقعہ متاثرین سے اظہار یکجہتی، تربت میں احتجاج

328

بلوچستان کے ضلع کیچ کے مرکزی شہر تربت میں اتوار کے روز بلوچ یکجہتی کمیٹی کی اپیل پر ہوشاپ میں پاکستانی فورسز کے ہاتھوں جانبحق بچوں کی لواحقین کے مطالبات کے حق میں ایک ریلی نکالی گئی –

ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھائے خواتین، بچوں اور نوجوانوں نے شہر کے مختلف سڑکوں پر گشت کرتے ہوئے حکومت اور سیکورٹی فورسز کے رویے کے خلاف نعرہ بازی کی –

ریلی کے شرکاء نے شہید فدا چوک پر احتجاجی مظاہرہ کیا –

اس موقع پر ہیومین رائٹس کمیشن آف پاکستان کے ریجنل کوارڈینیٹر غنی پرواز، آل پارٹیز کیچ کے کنوینئر مشکور انور ، شاری بلوچ اور دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے ہوشاب واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا بلوچستان میں ریاستی جبر اور مظالم کا سلسلہ طول پکڑتا جا رہا ہے-

انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں اس وقت بندوق کی نوک پر لوگوں کو دبایا جارہا ہے –

مقررین نے کہا کہ حکام لواحقین کے مطالبات کو تسلیم کریں جو لاشوں کے ساتھ گذشتہ سات روز سے دھرنا دے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا حکام بلوچستان کے مسائل کے حل کے لیے غیرسنجیدگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں –

مقررین کا کہنا تھا کہ ایک تسلسل کے ساتھ بلوچستان میں لاشیں گرائی جا رہی ہیں۔ تعلیم یافتہ نوجوانوں کو جبری گمشدگی کا شکار بنایا جا رہا ہے اور ہمیں اجازت نہیں کہ ہم اپنے حق کی بات کرسکیں۔ ہماری ہر احتجاج انصاف کے لیے ہوتی ہے –

انہوں نے کہا کہ ہم سے نا انصافی کی جا رہی ہے۔ ہوشاپ میں دو بچوں کا قتل کیا گیا اس سے پہلے رامیز بلوچ کی لاش کے ساتھ شہید فدا چوک پر دھرنا دیا گیا لیکن ہماری بات نہیں سنی گئی پھر ہم لاشوں کے ساتھ کوئٹہ گئے وہاں بھی ہمیں انصاف نہیں ملا۔

انہوں نے کہا ہم وسائل کے مالک ہیں وہ ہمیں نہیں ملتے جبکہ روز ہماری لاشیں گرائی جا رہی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا ہم سے توقع کی جاتی ہے کہ ہم اپنی لاشیں خاموشی کے ساتھ دفنائیں ، لیکن ہم خاموش نہیں رہیں گے، ہم بھی احساس رکھتے ہیں اور اپنے حق کے مطالبے سے ہرگز دست بردار نہیں ہوں گے۔

مقررین نے کہا کہ بلوچستان پر مظالم کا سلسلہ فوری بند ہونا چاہیے۔