تربت میں پاکستان فورسز کی فائرنگ سے خاتون قتل، شوہر زخمی

745

بلوچستان کے ضلع کیچ میں پیرا ملٹری فورس ایف سی نے فائرنگ کرکے عمر رسیدہ خاتون کو قتل جبکہ اسکے شوہر کو زخمی کردیا۔

فائرنگ کا واقعہ تربت آسکانی بازار میں پیش آیا ہے جہاں فورسز کی فائرنگ سے بیوی جان بحق جبکہ شوہر زخمی ہوگئے ہیں۔ قتل ہونے والے خاتون کی شناخت تاج بی بی بلوچ کے نام سے ہوئی ہے جسے سر پہ گولیاں لگی ہے، جبکہ اسپتال ذرائع کے مطابق زخمی شوہر کی حالت تشویشناک ہے۔

خاندانی ذرائع نے واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ دونوں میاں بیوی لکڑیاں کاٹنے قریبی جنگل میں گئے جہاں فورسز نے ان پر اندھا دھند فائرنگ کرکے ایک کو قتل جبکہ دوسرے کو زخمی کردیا ہے۔

مقامی ذرائع کے مطابق یہ خاندان اس سے قبل تربت کے مضافات میں واقع ایک پہاڑی گاؤں میں رہتی تھی ـ فوج نے اس گاؤں کو اس الزام پر خالی کروایا کہ یہاں کے مکین بلوچ سرمچاروں کی مدد کرتے ہیں۔ مذکورہ خاندان سمیت گاؤں کے تمام افراد آبائی علاقے سے ہجرت کرکے شہر کے مضافات میں جھونپڑیاں بنا کر رہنے لگے ـ

خیال رہے کہ فورسز نے گذشتہ برس تربت ہی میں فائرنگ کرکے کراچی یونیورسٹی کے طالب علم حیات کو قتل کیا تھا۔ حیات بلوچ کے قتل کے خلاف سول سوسائٹی اور بلوچ یکجہتی کمیٹی کی جانب سے ملک گیر احتجاج کیا گیا تھا۔

تاہم آج ہونے والے واقعہ کے حوالے سے انتظامیہ کا موقف تاحال سامنے نہیں آیا ہے ناہی قوم پرست حلقوں کی جانب سے کوئی موقف سامنے آیا ہے۔ جبکہ مقامی ذرائع کا دعویٰ ہیں کہ میاں بیوی کے حلیے واضح تھے اس کے باوجود فورسز نے دونوں کو اندھادھند فائرنگ کرکے ایک کو قتل اور ایک کو زخمی کردیا۔