بلوچستان: محرم الحرام کے تیسرے روز بھی مختلف علاقوں میں موبائل سروس معطل

158

کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف شہروں میں آج تیسرے روز بھی موبائل سروس بند ہے۔ محرم الحرام میں سیکورٹی کے پیش نظر 7ویں محرم اور گذشتہ روز 9ویں محرم کے دوران موبائل سروس صبح 7 بجے سے رات گئے تک بند رکھا گیا جبکہ آج دسویں محرم کو بھی موبائل سروس بند رہا-

حکومت و سیکورٹی حکام کے مطابق محرم میں موبائل سروس کو بند رکھنے شہر کو سیل کرنے کا منصوبہ فل پروف سیکورٹی پلان بناکر اس پر عمل درآمد کیا جارہا ہے-

تاہم عوامی حلقوں کے مطابق اس صورتحال کے باعث نہ صرف شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا رہتا ہے بلکہ صوبے میں کرفیو کا سماں ہوتا ہے جس سے نظام زندگی کاروبار اور تمام سماجی امور ٹھپ ہو کر رہ جاتے ہیں-

مختلف اضلاع میں موبائل سروس معطلی کے باعث مشکلات کا شکار عوام کا کہنا ہے عوام میں باہمی رابطہ ٹرانسپورٹ اور کاروبار بند ہونے سے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا رہتا ہے موبائل سروس بند رہنے سڑکیں بند رکھنے اور سیکورٹی کے نام پر عوام کی نقل وحرکت پر پابندی کے باعث مریض مسافر اور باالخصوص دیہاڑی دار طبقہ شدید مشکلات سے دوچار ہوتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سیکورٹی حکام غیر اعلانیہ کرفیو کو اپنی سیکورٹی کامیابی بتا کر بڑے بڑے دعوے کرتے ہیں جبکہ دوسری جانب صوبے میں نظام زندگی مفلوج ہونے سمیت کاروباری مراکز بند ہونے سے اربوں روپے کا نقصان ہوتا ہے غریب عوام فاقہ کشی پر مجبور ہوتے ہیں –

سیاسی حلقووں، تاجر برادری اور عوام نے حکومت کے اس عوام دشمن اقدام کی شدید مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ محرم میں سیکورٹی کیلئے دیگر بہتر ذرائع بروئے کار لاکر عوام کو غیر اعلانیہ کرفیو اور موبائل سروس کی بندش سے نجات دلائی جائے تاکہ بڑے پیمانے پر کاروباری نقصانات سمیت عوام کے بنیادی حقوق سلب نہ ہوں۔