افغانستان: بلوچ اکثریتی صوبے نیمروز کے دارالحکومت پر طالبان کا قبضہ

653

افغان طالبان نے افغانستان میں پہلے صوبائی دارالحکومت زرنج پر قبضہ کرلیا، یہ قبضہ طالبان کی جانب سے جمعہ کے سہ پہر کو کیا گیا۔

زرنج افغانستان کے بلوچ اکثریت صوبہ نیمروز کا دارالحکومت ہے، مقامی ذرائع نے دی بلوچستان پوسٹ کو بتایا طالبان نے صوبائی دارالحکومت کے گورنر ہاؤس، ہوائی اڈہ، گورنر ہاوس سمیت متعدد سرکاری عمارتوں کو بغیر کسی مزاحنت کے اپنے قبضے میں لے لیا ہے۔

سوشل میڈیا پر پوسٹ کی جانے والی تصاویر میں لوگوں کو سرکاری عمارتوں میں لوٹ مار کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔

حالیہ برسوں میں یہ افغانستان کے کسی صوبے کا پہلا دارالحکومت ہے جس پر طالبان قابض ہوگئے ہیں۔

ایران کے ساتھ سرحد کے قریب واقع زرنج ایک اہم تجارتی شہر ہے۔ اس کے گردونواح کے اضلاع پر قابض ہونے کے بعد طالبان اس شہر پر قبضہ حاصل کرنے کے لیے مسلسل حملے کر رہے تھے۔

نیمروز پولیس کے ایک اہلکار نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر روئٹرز کو بتایا ہے کہ حکومت کی جانب سے اضافی نفری نہ بھیجی جانے کی وجہ سے طالبان شہر پر قبضہ کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔

دوسری جانب افغان طالبان نے اپنے جاری کردہ ایک بیان میں کہا ہے کہ طالبان نے ایک آپریشن کے دوران صوبہ نمروز کے قبضہ کیا جس میں گورنر ہاؤس، پولیس ہیڈکوارٹر اور انٹیلی جنس ہیڈکوارٹر شامل ہیں۔