کوئٹہ :مکران میں بجلی و پانی بحران کے خلاف احتجاجی مظاہرہ

164

 

بلوچستان کے مرکزی شہر کوئٹہ میں جمعہ کے روز مکران میں بجلی کی شدید بحران اور دیگر بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا ۔

کوئٹہ میں زیر تعلیم مکران سے تعلق رکھنے والے طلباء کے احتجاجی مظاہرے میں بی این پی اور نیشنل پارٹی کے رہنماؤں نے شرکت کی ۔

احتجاجی مظاہرے میں شریک طلباء نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھائے تھے جن پر مکران کے مختلف علاقوں میں بجلی لوڈشیڈنگ کا خاتمہ، واپڈا اور ایس ای او رویے اور گوادر سمیت دیگر علاقوں میں پانی بحران کے خاتمے کیلئے مختلف نعرے درج تھے۔

جبکہ اس موقع پر مظاہرین نے شدید نعرے بازی بھی کی۔

مظاہرے میں نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل جان محمد بلیدی،بی این پی مینگل سے تعلق رکھنے والے ایم پی اے گوادر میر حمل کلمتی، ایم پی اے ثناء بلوچ، شے مرید رشید شمبے زئی اور مشکور انور نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ مکران کے عوام کو ایک سازش کے تحت بنیادی ضروریات زندگی سے محروم رکھا گیا ہے، پچاس سے زائد کی سینٹی گریڈ میں تربت وگوادر کے عوام کو بجلی وپانی کیلئے تڑپایا جارہاہے، ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت عوام کو بجلی وپانی کے مسئلوں میں الجھایا گیاہے، سی پیک کا مرکز ہوتے ہوئے بھی گوادر میں بھوک اور پیاس کی صدائیں گونج رہی ہیں، مکران کے عوام کو عرصہ دراز سے تنگ کیا جارہاہے کبھی روزگار پر بندش تو کبھی بجلی و پانی کے بحران پیدا کرکے عوام کی زندگی اجیرن بنادی گئی ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ مکران کے مختلف اضلاع میں بجلی لوڈشیڈنگ اور پانی بحران کا خاتمہ کیاجائے اور عوام کو تنگ کرنے کیلئے جو ایس ای مسلط کیاگیاہے اسے فورا ہٹادیا جائے اور مکران کی عوام کو جینے دیاجائے ۔