کوئٹہ: تمام شاپنگ مالز، ڈیپارٹمنٹل اسٹورز میں کرونا ویکسینیشن مراکز قائم

144
فوٹو: آن لائن

کوئٹہ میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے شہریوں کی سہولت کے لیے شہر کے تمام بڑے شاپنگ مالز اور ڈیپارٹمنٹل اسٹورز میں کرونا ویکسینیشن کے مراکز قائم کر دیے گئے۔

سرکاری اعلامیہ کے مطابق یہ سہولت دوپہر 12 بجے سے رات 8 بجے تک 14 جگہوں داؤد شاپنگ سینٹر، ہارون شاپنگ سینٹر، مکہ شاپنگ سینٹر، النصیب شاپنگ سینٹر، میٹرو شاپنگ سینٹر، زمزم شاپنگ سینٹر، سریاب سٹی سینٹر، النوید شاپنگ سینٹر، گولڈ سٹی مال، صفا مال، سٹی سینٹر، ایم ڈی ایس اسٹور، جان مال اور کاکڑ ڈیپارٹمنٹل اسٹور پر دستیاب ہوگی۔

ایوب اسٹیڈیم کوئٹہ میں قائم ویکسینیشن سینٹر سے روزانہ 4بجے رات 10بجے تک ویکسین لگوا سکتے ہیں۔

اس کے علاوہ شہری کرونا ویکسی نیشن کے لیے بی ایم سی اسپتال، ایس پی ایچ، ایس کے بی زیڈ کوئٹہ، ایف جے جی اینڈ سی ایچ، ایچ ای ایچ کوئٹہ، ایف آئی سی ایچ کوئٹہ، ایس بی بی ایچ کوئٹہ، ایم ایم ایچ کوئٹہ، بی آئی این یو کوئٹہ، واپڈا اسپتال کوئٹہ اور ای پی آئی سینٹر کوئٹہ میں بھی ویکسی نیشن سینیٹرز قائم کر دیے گئے ہیں تاکہ لوگ بغیر کسی پریشانی کے بآسانی مرکز پر جا کر ویکسین لگوائیں۔

یہ اقدام کوئٹہ میں انڈین کرونا وائرس کی موجودگی کی وجہ سے اٹھایا گیا ہے کیونکہ یہ وائرس انتہائی خطرناک ہے اور عوام کو شدید خطرہ لاحق ہوسکتا ہے لہٰذا تمام شہری ماسک کے استعمال، کرونا ایس او پیز پر عملدرآمد اور ویکسی نیشن ضرور کروائیں جبکہ بغیر ویکسی نیشن کے ڈپٹی کمشنر آفس میں عوام کے داخلے پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔

اس حوالے سے عوام ڈپٹی کمشنر آفس میں ویکسی نیشن سرٹیفیکٹ دکھائے یا 1166 کا جوابی پیغام دکھا کر ڈپٹی کمشنر آفس میں داخل ہو سکتے ہیں لہٰذا عوام سے اپیل کی جاتی ہے کہ وہ کرونا سے بچاؤ کے لیے ویکسی نیشن کرائیں تاکہ ہم اپنے آپ کو کرونا وائرس سے محفوظ رکھ سکے۔

جن افراد نے ویکسین کی پہلی ڈوز لگوائی ہے وہ اپنا قومی شناختی کارڈ نمبر 1166 پر بھیج کر اپنی حیثیت کی جانچ کرا سکتے ہیں۔ موجودہ صورتحال میں عوام ضلعی انتظامیہ سے بھرپور تعاون کریں۔