پاکستان فضائيہ طالبان کی فضائی مدد کررہا ہے – امراللہ صالح

870

افغانستان کے نائب صدر امراللہ صالح نے سماجی رابطے کی ویب سائیٹ ٹوئٹر پہ اپنے ایک بیان میں الزام عائد کیا ہے کہ پاکستان کا فضائیہ طالبان کو فضائی کمک کررہا ہے۔

انہوں نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پاکستان فضائیہ نے افغان فوج اور فضائیہ کو باضابطہ انتباہ جاری کیا ہے کہ اسپین بولدک کے علاقے سے طالبان کو بے دخل کرنے کے کسی بھی اقدام کو پاکستان فضائیہ کا سامنا کرنا پڑے گا اور انہیں پسپا کیا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا پاکستان فضائیہ اب بعض علاقوں میں طالبان کو قریبی فضائی مدد فراہم کر رہی ہے۔

خیال رہے کہ طالبان نے گذشتہ روز پاکستان سے متصل افغانستان کے سرحدی اور کاروباری علاقے اسپین بولدک پر قبضہ کرکے پورے علاقے کو اپنے قبضہ میں لیا ہے۔

تاہم امراللہ صالح کے اس بیان کے حوالے سے تاحال پاکستان فضائیہ یا حکومت پاکستان اور طالبان کا موقف سامنے نہیں آیا ہے۔